اسلام آباد {سچ خبریں} وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے پمز اسپتال میں زخمی پولیس اہلکاروں کی عیادت کی اور اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ زندگی کا کوئی معاوضہ نہیں ہے، پولیس نے جانوں کا نذرانہ پیش کر کے امن کی فضا قائم کی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا دہشتگردوں کو پسپا کرنے میں پولیس اور فوج نے نمایاں کردار ادا کیا ہے، ایک بار پھر سے دہشتگرد منظم ہو رہے ہیں، ایک ہی دن میں جڑواں شہروں میں 2 پولیس اہلکار شہید ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس اور فوج امن و امان قائم کرتی ہے، کل افواج نے 5 دہشتگردوں کو ہلاک کیا ہے، دہشتگرد شکست کھائیں گے اور ملک میں امن و سکون کی فضا قائم ہو گی۔
وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سارے ناکے فضول تھے، غریبوں کو تنگ کرنے والے ناکے ختم کر رہے ہیں۔
دو روز قبل پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے پیش آنے والے واقعے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا اسمبلی کے سامنے جو کچھ ہوا برا ہوا، اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، قائدین کو بھی پریس کانفرنس کی جگہ پر پریس کانفرنس کرنی چاہیے تھی۔