لاہور (سچ خبریں) گلوکار علی ظفر سماجی کاموں میں متحرک ہونے کی وجہ سےکافی مشہور ہیں اور اب انہوں نے جیلوں میں قید خواتین کی قانونی اور مالی مدد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے ، گزشتہ برس کورونا کی وجہ سے نافذ کیے گئے لاک ڈاؤن کے دوران بھی انہوں نے غریب موسیقاروں و فن کاروں کی مالی مدد کی تھی۔
تفصیلات کے مطابق علی ظفر عالمی یوم خواتین کے موقع پر اے آر وائے کے ٹاک شو میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے ملک بھر کی جیلوں میں قید خواتین کی مدد کا اعلان کیا۔ٹاک شو میں خواتین کو درپیش مسائل اور جیلوں میں قید خواتین پر گفتگو کی گئی، جس پر علی ظفر کا کہنا تھا کہ پاکستان کا عدالتی یا انصاف حاصل کرنے کے نظام میں کچھ خامیاں ہیں، جس وجہ سے کئی خواتین سالوں تک جیلوں میں رہتی ہیں۔
گلوکار کا کہنا تھا کہ اصولی طور پر تو جیلوں میں قید خواتین کی مدد ریاستی انصاف کا نظام کرے، تاہم چوں کہ نظام میں خامیاں موجود ہیں، اس لیے مذکورہ کام عام افراد کو کرنا پڑے گا۔اس موقع پر علی ظفر نے اعلان کیا کہ وہ ذاتی طور پر جیلوں میں قید ان خواتین کی قانون مدد کریں گے، جن پر کوئی الزام ثابت نہیں ہوا اور وہ کئی سال سے جیلوں میں قید ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وہ قانون دانوں کو درخواست کریں گے کہ جیلوں میں کئی سال سے قید ان خواتین کو انصاف دلوایا جائے، جن پر تاحال کوئی الزام ثابت نہیں ہوا۔علی ظفر نے یہ اعلان بھی کیا کہ اگر بعض خواتین کو قانونی مدد فراہم کرنے کے لیے اعلیٰ قانونی خدمات درکار ہوں گی تو وہ اپنے پیسوں سے ماہر وکلا کی خدمات حاصل کریں گے۔