لاہور(سچ خبریں) وزیر اعظم عمران خان نے پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے پاس تمام رپورٹس ہیں، آپ صحت کے شعبے میں بہترین کام کر رہی ہیں۔ رواں سال پنجاب میں زیادہ سے زیادہ اسپتالوں کو مکمل کر کے آغاز کریں۔
وزیراعظم عمران خان سے وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشید ملاقات کی۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے وزیر اعظم کو بریفنگ دی کہ 4 زچہ بچہ اسپتال رواں سال مکمل ہوجائیں گے، گنگارام کے ساتھ بننے والا اسپتال بھی مئی تک آپریشنل کردیں گے۔
ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ میرے پاس تمام رپورٹس ہیں، آپ صحت کے شعبے میں بہترین کام کر رہی ہیں۔عمران خان نے کہا کہ رواں سال پنجاب میں زیادہ سے زیادہ اسپتالوں کو مکمل کر کے آغاز کریں۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ صحت کے اہم منصوبے جلد مکمل کیے جائیں۔
خیال رہے کہ وزیر اعظم عمرا ن خان نے آج لاہور کا دورہ کیا جہاں ان سے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزار نے ملاقات کی۔ وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب نے ملاقات کے دوران صوبہ پنجاب کی سول انتظامیہ اور امن و امان سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعظم کو ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔
وزیراعظم نے صوبے میں عام آدمی کو فوری اور موثر خدمات کی فراہمی کے لیے بھر پور اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے عوام کے جان و مال اور مفادات کے تحفظ کے لیے شرپسندوں، ذخیرہ اندوزوں، اور قبضہ مافیا کے خلاف بھی موثر اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی۔