لندن: (سچ خبریں) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اوورسیز پاکستانیوں کو ارجنٹ پاسپورٹ 7 روز میں جاری کرنے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے لندن میں پاسپورٹ اور نادرا سنٹرز کا دورہ کیا، اس دوران انہوں نے دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کو پاسپورٹ کے اجراء میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کیلئے انہیں ارجنٹ پاسپورٹ 7 روز میں جاری کرنے کا حکم دیا، نارمل پاسپورٹ 30 روز میں جاری ہوگا۔
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ اس پالیسی کا اطلاق دنیا بھر میں موجود تمام پاکستانی مشنز پر ہوگا، اس وقت اوورسیز پاکستانیوں کو نارمل پاسپورٹ 4 ماہ اور ارجنٹ پاسپورٹ ڈیڑھ ماہ میں مل رہا ہے، آئندہ پاسپورٹ میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، مقرر کردہ مدت کے اندر پاسپورٹ جاری نہ ہوا تو متعلقہ افسران کے خلاف ایکشن لوں گا۔
بتایا گیا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ نے پاسپورٹ کی مقررہ مدت میں فراہمی یقینی بنانے کیلئے مانیٹرنگ سیل بھی قائم کر دیا ہے، وفاقی وزیر داخلہ کی پی ایس او اے ایس پی شہر بانو مانیٹرنگ سیل کو ہیڈ کریں گی، وفاقی وزیر داخلہ کے لندن میں پاسپورٹ اور نادرا سنٹرز کے دورے کے دوران سنٹرز میں موجود اوورسیز پاکستانیوں نے نادرا کی کارکردگی کو سراہا اور کسی نے بھی نادرا کے حوالے سے شکایت نہیں کی جس پر محسن نقوی نے نادرا سٹاف کو شاباش دی۔
معلوم ہوا ہے کہ محسن نقوی نے پاسپورٹ اور نادرا کے عملے کی کمی کا بھی نوٹس لیا اور عملے کی کمی پوری کرنے کیلئے مؤثر سٹاف مینجمنٹ کا حکم دیا، انہوں نے پاسپورٹ اور نادرا سنٹرز کے عملے سے ملاقات کی اور اوورسیز پاکستانیوں کو پاسپورٹ متعین مدت میں جاری کرنے کی ہدایت کی، دورے میں محسن نقوی سنٹرز میں موجود اوورسیز پاکستانیوں سے بھی ملے اور ان سے مسائل کے بارے میں پوچھا، برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل بھی وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے ہمراہ تھے۔