اسلام آباد(سچ خبریں) وزیراعظم عمران خان نے کوروناوائرس کا شکار صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو مفید مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ صحت کا خیال رکھیں اور مکمل آرام کریں،انہوں نے صدر مملککت سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے خیریت دریافت کی۔
تفصیلات کے مطابق ٹیلی فونک گفتگو کے دوران وزیراعظم نے کورونا میں مبتلا صدر مملکت سے حال احوال پوچھا، اس دوران عمران خان نے کورونا آئسولیشن کا تجربہ شیئر کیا اور آرام کا مشورہ بھی دیا۔وزیراعظم نے عارف علوی سے کہا صحت کا خیال رکھیں، سوپ پئیں اور نیند پوری کریں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز صدر مملکت عارف علوی مہلک وائرس کا شکار ہوئے۔ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے ڈاکٹر عارف علوی نے بتایا تھا کہ کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، اللہ تمام کورونامتاثرین پر رحم کرے واضح رہے کہ صدر پاکستان عارف علوی بھی ویکسین لگوانے کےباوجود کورونا شکار ہو گئے ہیں۔
صدر عارف علوی نے لکھا تھا کہ کوروناویکسین کی ایک ڈوز لے چکا ہوں اور ویکسین کی دوسری ڈوز چند ہفتوں میں لگے گی۔ انہوں نے دعا بھی لکھی کہ اور جب میں بیمار ہوتا ہوں تو وہی شفا دیتا ہے۔
اس سے قبل ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا تھا کہ عمران خان نے کورونا کی پہلی ڈوز لگوائی تھی اور کورونا ویکسین لگوانے کے بعد جسم میں اینٹی باڈیز بننے میں چند دن لگتے ہیں۔ یہی وجہ بنی کہ ویکسین لگوانے کے باوجود عمران خان کورونا کا شکار ہوئے۔