اسلام آباد (سچ خبریں) وزیراعظم عمران خان نے سانحہ سیالکوٹ کے ہیرو ملک عدنان کو اسلام آباد بلا لیا، ملک عدنان کو پورے پروٹوکول کے ساتھ وزیراعظم آفس لایا جائے گا، وزیراعظم ملاقات میں ملک عدنان کو قومی ہیرو قرار دیں گے۔ ذرائع اے آروائی کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سانحہ سیالکوٹ کے ہیرو ملک عدنان کو قومی ہیرو قرار دینے کیلئے اسلام آباد بلا لیا ہے، ملک عدنان کو پورے پروٹوکول کے ساتھ وزیر اعظم آفس لایا جائے گا۔
وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز اپنے ٹویٹ میں کہا تھا کہ پوری قوم کی جانب سے میں ملک عدنان کی بہادری اور اخلاقی جرات کو سلام پیش کرنا چاہتا ہوں کہ جنہوں نے سیالکوٹ میں اپنی جان خطرے میں ڈالتے ہوئے پریانتھا دیاوادنا کو پناہ دینے اور خود کو ڈھال بنا کر انہیں جنونی جتھے سے بچانے کی پوری کوشش کی۔
ہم انہیں تمغۂ شجاعت سے نوازیں گے۔ دوسری جانب معاون خصوصی شہباز گل نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ ملک عدنان جنہوں نے سیالکوٹ واقعہ میں بے مثال بہادری اور شجاعت کا مظاہرہ کیا وہ آج رات وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم کے خاص مہمان کے طور پر قیام کر رہے ہیں۔
کل وزیراعظم آفس میں ایک خصوصی تقریب میں ان کی خدمات کو سراہا جائے گا۔ وزیراعظم نے پہلے ہی انہیں تمغہ شجاعت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ملک عدنان ہمارا فخر ہیں اور پوری قوم کو ان پر ناز ہے۔ اسی طرح واضح رہے آج پیر کو وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت امن وامان کی صورتحال پر اجلاس ہوا۔ اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی شرکت کی، اجلاس میں سول و ملٹری قیادت نے سانحہ سیالکوٹ کے ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچانے کا عزم کیا گیا، کسی جتھے کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، واقعے میں ملوث ملزمان کو سخت سزا دی جائے گی، ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے جامع حکمت عملی بنائی جائے گی، سری لنکن مینجر کو بچانے والے ملک عدنان کی کوشش قابل تحسین ہے، شرکاء نے سری لنکن مینجر کی اہلیہ سے اظہار تعزیت کیا۔