اسلام آباد(سچ خبریں) وزیر اعظم عمران خان نے کرکٹ کے لیے بطور چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی خدمات کا شکر یہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ احسان مانی نے پہلی بار پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ کا اسٹرکچر بنایا۔ تمام صوبوں کو میری تاکید ہے کہ کھیلوں کی بحالی اور نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی پر توجہ مرکوز کریں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ اسکول کرکٹ کی بحالی کے لیے پنجاب خصوصاً سینٹرل پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن کی کاوشوں کا جائزہ لے کر خوش ہوں۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ 870 اسکول اور 231 کالجز گراؤنڈز کے ساتھ پنجاب بھر میں کھیلوں کے 355 میدان تیار کیے گئے ہیں، تمام صوبوں کو میری تاکید ہے کہ کھیلوں کی بحالی اور نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی پر توجہ مرکوز کریں۔
اپنے ایک اور ٹویٹ میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کرکٹ کے لیے بطور چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی خدمات کا شکر گزار ہوں، احسان مانی نے پہلی بار پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ کا اسٹرکچر بنایا۔انہوں نے مزید کہا کہ احسان مانی نے عالمی کرکٹ ٹیموں کو پاکستان لانے میں بھرپور کردار ادا کیا۔
اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے ڈومیسٹک کرکٹ کی صورتحال پر اجلاس کی صدارت کی تھی۔ وزیر اعظم عمران خان نے سی پی سی اے کے تیار کردہ ماڈل کی تعریف کی اور اسکول اور ڈومیسٹک کرکٹ کے فریم ورک کی منظوری دے دی ہے۔