اسلام آباد (سچ خبریں) وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری کا کہنا ہے کہ سیرت النبی ﷺ کو بطور مضمون نصاب میں شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو قرآنی تعلیمات سے روشناس کروانے کے لئے حکومت پُرعزم ہے۔ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نے قومی مقابلہ حفظ وقرات کے اختتامی سیشن کی صدارت کی اور اس موقع پر انہوں نے مقابلہ میں اول، دوم اور سوم آنے والے قراءاور حفاظ میں اسناد بھی تقسیم کیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا کہ قرآن پاک کا کام کرنے والے تمام لوگ انعام یافتہ ہیں۔ قرآن حکیم کی برکات سے کوئی بھی محروم نہیں رہ سکتا۔ پیر نور الحق قادری نے کہا کہ مقابلے میں حصہ لینے والے تمام بچے خواتین و حضرات اور ان کے والدین انتہائی خوش نصیب لوگ ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ قرآن پڑھنے والے لوگ ملائکہ کو اپنا گواہ بناتے ہیں۔ ہمیں قرآن پاک سے اپنی وابستگی قائم رکھنی چاہیے کیونکہ قرآن حکیم سے نسبت اس امت کا اسلوب ہے۔ امت کے اسلاف کا قرآن حکیم سے خصوصی تعلق تھا۔ انہوں نے بتایا کہ قرآن حکیم کی مختلف قراء کی تلاوت سننا میرا معمول ہے، حکومت نئی نسل کو قرآن حکیم کی تعلیمات سے روشناس کروانے کے لئے پُرعزم ہے۔
پیر نور الحق قادری نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان قرآن پاک اور سیرت النبیﷺ کو فروغ دینے کی بات کرتے ہیں۔ موجودہ حکومت نے چاروں مسالک کا متفقہ ترجمہ قرآن پاک کا اردہ ترجمہ کے ساتھ تیار کیا ہے۔ سیرت النبیﷺ کو بطور مضمون نصاب تعلیم میں شامل کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ قبل ازیں خیبرپختونخواہ میں تعلیمی نصاب میں حضور ﷺ کی سوانح حیات شامل کرنے کا حکم دیا گیا تھا ۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کا کہنا تھا کہ نئے اقدام کے تحت طلباء و طالبات محسن انسانیت کی سیرت طیبہ سے صحیح معنوں میں شناسا ہو سکیں گے۔