لا پتا افراد کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کی سماعت

?️

اسلام آباد: (سچ خبریں)اسلام آباد ہائی کورٹ نے لاپتا افراد سے متعلق کیس میں وفاقی حکومت کو آخری موقع دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر اس معاملے میں کوئی پیش رفت نہ ہوئی تو وزیر اعظم کو طلب کیا جائے گا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے مدثر نارو اور دیگر لاپتا افراد کی بازیابی کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت کی۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل ارشد محمود کیانی حکومت کی جانب سے جبکہ لاپتا افراد کی جانب سے وکلا انعام الرحیم ، ایمان مزاری و دیگر پیش ہوئے۔

چیف جسٹس ہائی کورٹ نے کہا کہ یہ بڑا واضح ہے کہ موجودہ یا سابقہ حکومت نے لاپتا افراد کے معاملے کو سنجیدگی سے نہیں لیا، سب سے بہترین انٹیلی جنس ایجنسی نے یہ کیس جبری گمشدگی کا قرار دیا ہے۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا کہ سابقہ حکومت کا تو معلوم نہیں اس حکومت نے معاملے کو بہت سنجیدگی سے لیا ہے۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ یہ عدالت صرف آئین کے مطابق جائے گی، بنیادی حقوق کا تحفظ کرنا ہے، بنیادی ذمہ داری وفاقی حکومت اور چیف ایگزیکٹو کی ہے۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل ارشد کیانی نے کہا کہ مانتے ہیں کہ یہ کیسز اس طرح ڈیل نہیں ہوئے جیسے ہونے چاہیے تھے، کابینہ کے سینئر اور متعلقہ لوگوں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، یقین دہانی کراتا ہوں کہ کابینہ کی کمیٹی ان تمام ایشوز کو دیکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس عدالت نے اگر سابق چیف ایگزیکٹوز سے بیان حلفی طلب کرنے ہیں تو براہ راست طلب کرے، وزارت داخلہ نے بھی کابینہ ڈویژن کو لکھا ہے کہ سابق چیف ایگزیکٹوز کو اپنے بیان حلفی جمع کرانے کا کہیں، پٹشنرز کا احساس ہے، موجودہ حکومت کو تھوڑا وقت دے دیں۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ یہ عدالت کسی کو ذمہ دار ٹھہرانا چاہتی ہے، جس کے دور میں وہ افراد لاپتا ہوئے وہ ذمہ دار ہیں، وفاقی حکومت کو اگر احساس ہوتا تو لاپتا افراد کے اہلِ خانہ کو عدالت آنے ہی نہ دیتے، خود ان تک پہنچتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسلح افواج پر اس طرح کی حرکتوں میں شامل ہونے کا الزام بھی کیوں لگے، یہ بہت سنجیدہ معاملہ ہے، یہ معاملہ تو قومی سلامتی سے متعلق ہے۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ سپریم کورٹ کا 2013 کا فیصلہ موجود ہے، یہ تو تسلیم شدہ حقیقت ہے، یا تو کوئی شخص ذمہ داری لے کر ان تمام لوگوں کو بازیاب کرائے، ریاست کا جبری گمشدگی کے کیسز پر جو ردعمل ہونا چاہیے تھا وہ نہیں ہے۔

ایڈووکیٹ انعام الرحیم نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ کلبھوشن یادیو کو اس کی فیملی سے ملاقات کرائی جاتی ہے تو پاکستانی شہریوں کو یہ سہولت کیوں نہیں دی جاتی۔

دوران سماعت پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما فرحت اللہ بابر بھی اسلام آباد ہائی کورٹ کے سامنے پیش ہوئے، انہوں نے کہا کہ میں ثبوت دوں گا کہ ریاست کی ایجنسیاں جبری گمشدگی میں ملوث ہیں۔

فرحت اللہ بابر نے کہا کہ آئی ایس پی آر نے 2019 میں کہا تھا کہ تمام نہیں لیکن کچھ لاپتا افراد ہمارے پاس ہیں، انہوں نے کہا تھا کہ ہم نے جی ایچ کیو میں ایک سیل بنایا ہے اور ان کو اس میں رکھا گیا ہے۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ فرحت اللہ بابر صاحب، منتخب حکومت اور پارلیمنٹ نے کیا کیا ہے، یہ تو آپ تسلیم کر رہے ہیں کہ سویلین کنٹرول اور نگرانی نہیں ہے۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے مزید کہا کہ آئی ایس آئی صرف حکومت کا ایک ڈپارٹمنٹ ہے اور براہ راست وزیر اعظم کے کنٹرول میں ہے، عدالت پبلک آفس ہولڈرز کو اپنی ذمہ داری شفٹ کرنے کی اجازت نہیں دے گی، اگر وزیر اعظم کسی بات سے منع کرے تو وہ اسے مانیں گے، جو آئین میں لکھا ہے یہ عدالت صرف اس کو تسلیم کرے گی اور آپ یہ کہہ رہے ہیں کہ پارلیمنٹ اور حکومت بے بس ہیں؟

فرحت اللہ بابر نے چیف جسٹس کی بات کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ جی بالکل، میں یہی کہنا چاہ رہا ہوں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ اس کا مطلب یہ ہے کہ ریاست کے اندر ریاست ہے؟ جس پر فرحت اللہ بابر بولے جی بالکل۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ پھر وزیر اعظم سے کہیں کہ عدالت کے سامنے آ کر یہ بیان دیں، یہ قومی سلامتی کا مسئلہ ہے، کیوں ملک کے کسی شہری کو مسلح افواج کے ساتھ کوئی مسئلہ ہو، باتیں سب کرتے ہیں عملاً کوئی کچھ نہیں کرتا، آئین کی کسی کو پروا نہیں اس لیے لوگ متاثر ہو رہے ہیں۔

فرحت اللہ بابر نے کہا کہ وزیراعظم کو سمن کریں اور انہیں کہیں کہ عدالت کے سامنے وضاحت کریں، وزیراعظم کو بلانے کے علاوہ کوئی حل دکھائی نہیں دے رہا۔

دورانِ سماعت لاپتا افراد سے متعلق تنظیم کی سربراہ آمنہ مسعود جنجوعہ نے استدعا کی کہ وزیراعظم کو بلا کر ان کیمرا سماعت کریں، جن کے پیارے لاپتا ہیں ان کو بتائیں کہ وہ زندہ ہیں یا نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجھے معلوم ہونا چاہیے کہ میرا شوہر زندہ ہے تو کہاں ہے، ان کیمرا سماعت کریں اور ذمہ داروں کو بھی بلائیں، جبری گمشدگیوں کے ذمہ داروں کو شامل کریں تاکہ کچھ نہ کچھ تو ہو۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ بتائیں پھر عدالت کس کو طلب کرے، لاپتا افراد سے متعلق بل کہاں ہے؟ وہ تو سینیٹ میں آگیا تھا پھر اس کے بعد غائب ہو گیا۔

عدالت نے وکلا کے نمائندے عابد ساقی کو روسٹرم پر بلا کر استفسار کیا کہ ساقی صاحب، آپ بھی وکلا کی قیادت کرتے ہیں، آپ بتائیں یہ عدالت کیا کرے؟

چیف جسٹس نے کہا کہ بہت سنجیدہ معاملہ ہے، عدالت فیصلہ دینا چاہتی ہے لیکن وفاق کی جانب سے یہ دلائل نہیں دے رہے، یہ کہتے ہیں کہ پارلیمنٹ اور حکومت بھی بے بس ہے۔

عابد ساقی نے کہا کہ پارلیمنٹ کو بے بس تو نہیں ہونا چاہیے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ یہ عدالت نہیں کہہ رہی لیکن یہ بتایا جارہا ہے، جے آئی ٹی جن کیسز کو جبری گمشدگی قرار دے چکی ہے ان کو بھی بازیاب نہیں کیا جا رہا۔

عابد ساقی نے کہا کہ عدالت پہلے وزیر داخلہ کو نوٹس جاری کر کے طلب کرے، اگر وہ کچھ نہیں کریں گے تو تاریخ میں لکھا جائے گا۔

چیف جسٹس نے کہا کہ یہ عدالت تمام منتخب حکومتوں کا احترام کرتی ہے لیکن یہ معاملہ بہت سنجیدہ ہے۔

عابد ساقی نے کہا کہ وزیراعظم اگر عدالتی حکم پر عملدرآمد نہیں کرتے تو توہین عدالت کی کارروائی ہوگی۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ یہ آخری عدالت ہوگی جو ایسا کرے گی، بے بس کوئی نہیں ہے ہر ایک نے اپنی ذمہ داری پوری کرنی ہے، اگر کوئی بات نہیں مان رہا تو مس کنڈکٹ کی کارروائی ہونی چاہیے، اگر ملٹری کو کوئی شخص ملوث ہے تو اسکا کورٹ مارشل ہونا چاہیے۔

مشہور خبریں۔

افغان لڑکیوں کو تعلیم سے محروم رکھنا ناقابل معافی ہے:70 ممالک

?️ 21 مارچ 2023سچ خبریں:دنیا کے 70 سے زائد ممالک اور یورپی یونین نے مشترکہ

 غزہ پر بمباری بھی صہیونیزم کو جیت نہیں دلا سکی 

?️ 25 اگست 2025 غزہ پر بمباری بھی صہیونیزم کو جیت نہیں دلا سکی  فلسطینی امور

امریکہ اور اسرائیل کا الجولانی کے ساتھ مل کر شام کے خلاف خطرناک منصوبہ

?️ 26 فروری 2025سچ خبریں:عراق کے ایک سیاسی کارکن نے امریکہ اور اسرائیل کے خطرناک

مسجد الاقصی کے خلاف صیہونی سازش

?️ 28 جون 2022سچ خبریں:مسجد الاقصی کے خطیب کا کہنا ہے کہ اس مقدس مقام

ترکی میں معاشی بحران کی وجوہات کیا ہیں ؟

?️ 28 مئی 2024سچ خبریں: ترکی میں معاشی بحران اور بڑھتی ہوئی مہنگائی بدستور جاری ہے

جیت جنون اور جذبے کی ہوگی فواد چوہدری کی پیشین گوئی

?️ 24 اکتوبر 2021اسلام آباد (سچ خبریں) وفاقی وزیر فواد چوہدری نے پاک بھارت میچ

مصر کی میزائل اور ڈرون طاقت سے صیہونی حکومت خوفزدہ 

?️ 17 فروری 2025 سچ خبریں:باخبر ذرائع نے مصری فوج کی میزائل اور ڈرون کی

معاشرے میں بے راہ روی بڑھ چکی، ہم جنس پرستی پنپنے لگی، حنا خواجہ بیات

?️ 21 جون 2025کراچی: (سچ خبریں) سینئر اداکارہ حنا خواجہ بیات کا کہنا ہے کہ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے