اسلام آباد (سچ خبریں) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اپوزیشن کا قومی سلامتی کمیٹی میٹنگ کا بائیکاٹ افسوسناک قرار دیتے ہوئے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست کردی۔ ان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن سنجیدگی سے اجلاس میں شرکت کرے ،سیاسی معاملہ نہیں قومی سلامتی کا معاملہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اپنے بیان میں کہا کہ اپوزیشن کا قومی سلامتی کمیٹی میٹنگ کابائیکاٹ افسوسناک ہے، 7 دہائیوں میں پہلی بار سیکیورٹی پالیسی پارلیمان کو پیش ہوگی، سیاسی معاملہ نہیں قومی سلامتی کامعاملہ ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے اور اپوزیشن سنجیدگی سےاجلاس میں شرکت کرے۔یاد رہے متحدہ اپوزیشن نے پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی کے ان کیمرہ بریفنگ کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے، فیصلہ مشترکہ اجلاس میں اہم بلزبلڈوز کرنے کے حکومتی رویے پر کیا گیا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ حکومت نےپارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی میں ان کیمرہ بریفنگ سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا تھا 6دسمبر کو مشیر معید یوسف ان کیمرہ اجلاس میں بریفنگ دیں گے۔متحدہ اپوزیشن کا کہنا تھا کہ اس سےقبل اپوزیشن نےآئین، عوامی امورپرہمیشہ ذمہ دارانہ طرز عمل اپنایا، قائد ایوان کی عدم موجودگی کے باوجود بریفنگز اور اجلاسوں میں شرکت کی جبکہ قائدین اور پارلیمانی لیڈرز نے اپنی تجاویز بھی دیں۔