راولپنڈی: (سچ خبریں) پاکستان تحریک انصاف کے وکیل فیصل چوہدری کا کہنا ہے کہ عمران خان نے قوانین میں حالیہ ترامیم کو جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور عوام کے حقوق کا قتل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں اس وقت قبضہ اور ایکسٹینشن مافیا کا راج ہے۔
راولپنڈی میں توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کے بعد اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل چوہدری نے کہا کہ حکومت سیاسی کیس بنا کر عمران خان کو جیل میں رکھنا چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت عمران خان پر مقدمات کی قانونی حیثیت نہیں ہے، عمران خان کو جیل میں زیادہ دیر رکھنا چیلنج ہے۔
فیصل چوہدری کا کہنا تھا کہ جس طرح آئین اور عدلیہ پر حکومت حملہ آور ہے اس سے یہ نظر آتا ہے کہ یہ سارا معاملہ عمران خان کو جیل میں رکھنے کی ایک کوشش ہے۔
انہوں نے بتایا کہ عمران خان کے مطابق قوانین میں حالیہ ترامیم جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور عوام کے حقوق کا قتل ہے، بانی پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ ملک میں قبضہ اور ایکسٹینشن مافیا ہے، ان ترامیم سے ملک کے ادارے مضبوط نہیں بلکہ کمزور ہوں گے، ملک میں کوئی ادارہ نہیں چھوڑا گیا۔
فیصل چوہدری نے مزید بتایا کہ عمران خان نے پارٹی کو پرامن احتجاج کے لیے تیار رہنے کا پیغام دیا ہے، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ اگر ان ترامیم کو قبول کیا گیا تو عوام چیونٹیوں کی طرح زندگی گزارنے پر مجبور ہوں گے۔
پی ٹی آئی وکیل کا کہنا تھا کہ عمران خان نے قوم کو پرامن احتجاج کے لیے کھڑے ہونے کی درخواست کی ہے اور کہا ہے کہ انصاف کا انقلاب لانے تک ملک میں جمہوریت قائم نہیں ہوسکتی۔
انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے شاہ محمود قریشی سے متعلق سوال پر جواب دیا کہ وہ گزشتہ 15 ماہ سے جیل میں ہیں، ان کی قربانیوں کی وہ بڑی قدر کرتے ہیں، اگر انہوں نے پارٹی چھوڑنی ہوتی تو وہ پہلے چلے جاتے۔
فیصل چوہدری کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ حکومت کی شکل میں اپنے ناجائز اقتدار کو طول دینے کے لیے ملک میں ایک مافیا بیٹھ گیا ہے، ایک ایجنڈے کے تحت ملک میں قبضے کو طول دینے کے لیے عدالت اور عوام کو روندا جارہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے انتظار حسین پنجھوتا پر ہونے والے تشدد کی مذمت کی ہے، انہوں نے ان پر ہونے والے غیر انسانی سلوک پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور ان کی صحت کے لیے دعا کی ہے۔
فیصل چوہدری نے بتایا کہ عمران خان اپنی باتوں پر قائم ہیں اور پرعزم ہیں، وہ جمہوریت اور قانون کی حکمرانی پر کسی قسم کا سمجھوتہ کرنے کو تیار نہیں ہیں۔