اسلام آباد(سچ خبریں) پاکستان کی میزبانی میں عالمی یوم ماحولیات کی تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ یوم ماحولیات کی میزبانی اعزاز کی بات ہے ماحولیات کی بہتری کے لیے دنیا پاکستان کی کاوشوں کوتسلیم کررہی ہے، دنیا نے تسلیم کیا کہ پاکستان کو آئندہ نسلو ں کی فکر ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان سمیت کئی ممالک نے ماحولیات پر توجہ نہیں دی،چھانگا مانگا،میانوالی اوردیگر شہروں کے بڑے بڑے جنگلات ہمارے سامنے تباہ ہوئے لاہور میں آلودگی کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ ہوچکا ہے، عالمی حدت صرف ایک یا دو ممالک کو نہیں بلکہ پورے خطے کو لپیٹ میں لیتی ہے، عالمی حدت کی وجہ سے پانی کا بڑا مسئلہ سامنے آرہا ہے، ہمارے صوبو ں سے ابھی سے پانی کے مسائل پر آوازیں اٹھ رہی ہیں۔ امیر ممالک عالمی حدت سے نمٹنے کے لیے فنڈز فراہم کریں۔ ملک بھر کے اساتذہ بچوں کو شجرکاری مہم کی ترغیب دیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ حرص اور ہوس نے دنیا کی توجہ انسانیت سے ہٹادی ہے۔ بھوکے لوگوں کو ماحولیات کی پرواہ نہیں، ہمارا آدھا پیسہ قرض کی ادائیگی میں خرچ ہوتا ہے ، کورونا وبا کے دوران حکومت نے لوگوں کوریلیف دیا، امریکا نے اپنے لوگوں کوریلیف دینے کے لیے ہم سے کم رقم خرچ کی۔