لاہور(سچ خبریں) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف پاکستان کی سب سے بڑی طاقت ہے، پاکستان کامیابیوں کے ساتھ آگے بڑھتا رہے گا، سیاسی مخالفین کی کہانی ختم ہوچکی، آزاد کشمیر میں جیت ہماری ہی ہوگی، عمران خان اصولی اور نظریاتی سیاست سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب نے میاں انس اسلم کو ایڈوائزر یوتھ افیئرز مقرر کر دیا۔ چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ عمران خان اصولی اور نظر یاتی سیاست سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، پی ڈی ایم خود کوسیاسی میدان میں زندہ رکھنے کے لیے جلسے کر رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت مضبوط اور مستحکم ہے مخالفین کے جلسوں سے فرق نہیں پڑے گا، کامیاب پاکستان پروگرام ترقی کے لیے ایک اور مثالی منصوبہ ہے۔
پنجاب کے گورنر کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کو آگے اور سیاسی مخالفین ملک کو پیچھے لے جانا چاہتے ہیں، انشااللہ پاکستان کامیابیوں کے ساتھ آگے بڑھتا رہے گا، پارلیمنٹ اور جمہوریت سمیت تمام ادارے مضبوط ہورہے ہیں۔چوہدری محمد سرور کا مزید کہنا تھا کہ ملک کی سالمیت اور خودمختاری کے تحفظ کو 100فیصد یقینی بنایا جائے گا، پاکستان کی نوجوان تحریک انصاف کی سب سے بڑی طاقت ہے۔