اسلام آباد:(سچ خبریں) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے پاکستان نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی تمام شرائط مکمل کردی ہیں اور اب ہمیں دوست ممالک سے وعدوں کو پورا کرانے کا کہا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاڈلے کی حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ جو معاہدہ کیا اس کی خلاف ورزی ہم نے نہیں بلکہ عمران نیازی نے کی اور پاکستان کو دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچا دیا بڑی مشکل سے اس مخلط حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے کے خطرے سے بچایا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم آئی ایم ایف کے ساتھ پوری طرح رابطے میں ہیں لیکن جو وعدوں کی خلاف ورزیاں ہوئیں آج آئی ایم ایف ہم سے قدم قدم پر ضمانتیں لینا چاہتا ہے جو دی جارہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کی کوششوں کی بدولت آئی ایم ایف کی تمام شرائط مکمل کردی گئی ہیں لیکن اب ہمیں یہ کہا جارہا ہے دوست ممالک سے جو وعدے ہیں انہیں پورا کیا جائے اسے بھی ہم پورا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کے 4 سالہ دور میں پاکستان کا قرض 70 فیصد بڑھ گیا، ایک نئی اینٹ نہیں لگائی البتہ اکھاڑی ضرور گئی، کروڑوں نوکریوں اور مکانات کا وعدہ کیا گیا اور کرپشن، مہنگائی کے انبار لگادیے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال ہم نے اپنی سیاست کو داؤ پر لگایا تا کہ ملکی مفاد کو بالاتر رکھا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ آئین نے اداروں کے درمیان اختیارات کو واضح کردیا ہے کہ عدلیہ، مقننہ اور انتظامیہ کا کون کون سے اختیارات ہیں اور ریڈ لائن لگادی کہ اسے کوئی عبور نہیں کرسکے گا لیکن بعد میں تاریخ میں کیا کیا واقعات ہوئے وہ سب سے سامنے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آج اس آئین کا سنگین مذاق اڑایا جارہا ہے، اس آئین میں موجود اختیارات کی دھجیاں بکھیری جارہی ہیں، ایک لاڈلا کسی عدالت کے سامنے پیش نہیں ہوتا، جتنے اسے حاضری کے نوٹس ملتے ہیں اس پر مختلف عدالتوں سے توسیع حاصل کرلی جاتی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ جب ہم اپوزیشن میں تھے تو کس طرح اپوزیشن اراکین اور ان کے خاندان کی وچ ہنٹنگ کی گئی، جھوٹے مقدمات بنائے گئے اور انہیں جیلوں میں ڈالا گیا، کسی نے نوٹس نہیں لیا۔
ان کاکہنا تھا کہ آج ایک لاڈلہ تحکمانہ انداز میں بات کرتا ہے اور آئین و قانون کو ردی کی ٹوکری میں ڈالتا ہے لیکن کسی نے نوٹس نہیں لیا، یہ وہی لاڈلا ہے جس نے اسی پارلیمنٹ پر دھاوا بولا تھا جس کے حواریوں نے گندے کپڑے سپریم کورٹ پر لٹکائے، قبریں کھودیں اور ایوان کو گالیاں دی تھیں لیکن اس کے باوجود تنخواہ جیب میں ڈالتا رہا۔
شہباز شریف نے کہا کہ کہا گیا کہ یہ حکومت امریکی سازش کے نتیجے میں قائم ہوئی ہے، کئی ماہ یہ شخص یہ جھوٹ پوری قوم کے آگے بولتا رہا اور ایک طبقہ یہ سمجھنا شروع ہوگیا کہ واقعی یہ امریکا کی سازش ہے اور یہ حکومت امپورٹڈ حکومت ہے لیکن چند ہفتے قبل قلابازی کھائی اور کہا کہ امریکا کی سازش نہیں تھی اپنوں کی سازش تھی۔
انہوں نے کہا کہ بڑے بڑے افلاطون آئے ہوں گے ڈرامے باز آئے ہوں گے لیکن اس طرح کا ٹوپی ڈرامہ شاید ہی کسی نے کیا ہو اور پاکستان کی بنیادیں ہلادیں۔
وزیراعظم نے ہماری حکومت کے وزیر خارجہ اور درجہ بدرجہ سب 11 ماہ بعد بھی دوست ممالک کو راضی کرنے میں لگے ہیں، امریکا سے بہتر تعلقات پر دن رات کوششیں کررہے ہیں، لیکن جو تباہی اس شخص نے خارجہ محاذ پر کی اسے بیان نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ برادر ممالک کے زعما کو ناراض کیا گیا، ہم 11 مہینوں سے انہیں راضی کرنے پر لگے ہیں کہ وہ ایک غیر سنجیدہ آدمی تھا جس نے پاکستان کے تعلقات کو تباہ و برباد کردیا۔
ان کا کہنا تھا کہ آج اسی عمران نیازی نے لاکھوں ڈالر سے لابنگ کمپنیز ہائر کرلی ہیں جن کے ذریعے پاکستان کے خلاف کیا کیا ناٹک رچایا جارہا ہے، وہاں کچھ لوگوں کو تیار کر کے بیانات دلوائے جارہے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ ایک شخص جس کا میں نام نہیں لینا چاہتا اسے کیا حق پہنچتا ہے کہ وہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کرے۔
انہوں نے کہا کہ یہ وہی شخص تھا جو کہتا کہ اپوزیشن والے چور ڈاکو ہیں انہیں سفارتکاروں سے ملنے کا کوئی حق نہیں آج دن رات میٹنگز ہورہی ہیں، کس منہ سے یہ شخص دن رات یہ باتیں کرتا ہے جس کی تردید بھی خود کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ وہ حالات ہیں کہ قوم کے اندر تقسیم در تقسیم کردی گئی ہے اور اس لاڈلے کو کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس لاڈلے کو پاکستان سے کھلواڑ کی اجازت نہیں دی جائے، قانون بہر حال اپنا راستہ بنائے گا، بہت ہوگیا، پلوں سے بہت پانی بہہ گیا۔
انہوں نے کہا کہ کبھی آپ نے یہ دیکھا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے قانونی ذمہ داری کی ادائیگی کے لیے جائیں ان پر پیٹرول بم پھینکے جائیں، ان کی گاڑیوں کو آگ لگادی جائے اور کوئی پوچھنے والا نہ ہو، ضمانتوں پر ضمانتیں ملیں، یہ تو جنگل کا قانون ہے یہ آئین کو دفن کرنے کی مذموم سازش ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس ہاؤس کو ان معاملات کا فی الفور نوٹس لینا ہوگا، 29 نومبر کو پاکستان کے نئے سپہ سالار کا انتخاب ہوا، جو وزیراعظم کا اختیار تھا لیکن میں سمجھتا ہوں کہ وہ کابینہ کا اختیار ہے اور بلا خوف تردید کہتا ہوں کہ میں نے اپنے ساتھیوں سے پوری مشاورت کے ساتھ جنرل عاصم منیر کو سپہ سالار بنانے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح ہم ہر ہفتے کابینہ میں ہر معاملہ لے کر جاتے ہیں، باقی اداروں کو بھی کابینہ میں فیصلے کرنے چاہیئیں، اگر یہ کام ہم کررہے ہیں تو باقی کیوں نہیں کرسکتے۔
شہباز شریف نے کہا کہ آرمی چیف اور جوائنٹ چیف آف آرمی اسٹاف کی تعیناتی کا فیصلہ 100 فیصد میرٹ پر ہوا لیکن آج لندن میں پی ٹی آئی کے ٹرولز جس طرح افواج کی قیادت کے خلاف وحشیانہ زبان استعمال کررہے ہیں 75 برس میں کوئی سوچ نہیں سکتا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ آج بھارت سے زیادہ کون خوش ہوگا ہمارے دشمنوں کو اور کیا چاہیے، جس ملک نے آپ کو بنایا پڑھایا لکھایا آج دشمن سے بھی بڑھ کر اس پر وار کررہے ہیں، ہم اس کی اجازت نہیں سے سکتے اگر اجازت دی گئی تو تاریخ ہمیں معاف نہیں کرے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس ایوان کو اس پر ٹھوس لائحہ عمل اختیار کرنا ہوگا قبل اس کے کہ دیر ہوجائے۔