اسلام آباد(سچ خبریں) بجلی کی قیمت میں اضافے کی درخواست دے دی گئی، نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو بجلی کی قیمت میں پونے 5 روپے اضافے کی درخواست دی گئی ہے، نیپرا سے منظوری کی صورت میں صارفین پر 61 ارب روپے کا بوجھ منتقل ہوگادرخواست کی سماعت 30 نومبر کو ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو بجلی کی قیمت میں پونے 5 روپے اضافے کی درخواست دی گئی ہے، نیپرا کا کہنا ہے کہ درخواست اکتوبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دی گئی۔نیپرا کی جانب سے سے کہا گیا ہے کہ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے اضافے کی درخواست دی ہے جس کی سماعت 30 نومبر کو ہوگی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ اکتوبر میں کل 11 ارب 29 کروڑ یونٹ بجلی پیدا ہوئی، اکتوبر میں 10 ارب 98 کروڑ یونٹ بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو فروخت ہوئی۔ اضافے کی درخواست کے الیکٹرک کے سوا بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیوں کے لیے ہے۔ ذرائع کے مطابق نیپرا سے منظوری کی صورت میں صارفین پر 61 ارب روپے کا بوجھ منتقل ہوگا۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں مہنگائی ایک مسئلہ بن رہا ہے جس میں گیس اور بجلی بھی شامل ہیں تاہم وزراء عوام کو یقین دہانی کرا رہے ہیں کہ اشیاء کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔