?️
اسلام آباد:(سچ خبریں) وزیراعظم شہباز شریف نے افغان عبوری حکومت پر زور دیتےہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک میں دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔
سرکاری خبرایجنسی اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر کے ہمراہ پشاور کا دورہ کیا جہاں باجوڑ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی۔
اس موقع پر وزیراعظم کو صوبے کی مجموعی سیکیورٹی صورت حال سمیت خار خودکش دھماکے، تحقیقات پر پیش رفت، منصوبہ سازوں، دہشت گردوں اور سہولت کاروں کے درمیان روابط کے خاتمے اور انسداد دہشت گردی کے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم نے خودکش دھماکوں میں افغان شہریوں کے ملوث ہونے، سرحد پار سے معصوم شہریوں پر بزدلانہ حملوں کی منصوبہ بندی اور پاکستان دشمن عناصر کی کارروائیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ افغان عبوری حکومت کو اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک میں دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے چاہئیں ۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے، قوم کے تعاون سے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ بزدلانہ حملوں کے ذمہ داروں کو جلد انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے زخمیوں کو خار سے پشاور منتقل کرنے کے لیے پاک آرمی کی ہنگامی کاوشوں کو سراہا اور چیف آف آرمی سٹاف کے ساتھ زیر علاج زخمی افراد کی عیادت کے لیے سی ایم ایچ کا بھی دورہ کیا اور ان سے صحت کے بارے میں دریافت کیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو زخمیوں کو مکمل صحت یابی تک علاج معالجہ کی ہر بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی اور متاثرین کو یقین دلایا کہ قوم دکھ کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے نقصان میں برابر کی شریک ہے۔
وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی طالبان حکام سےمطالبہ کیا کہ وہ افغان سرزمین استعمال کرنے والے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کریں۔
وزارت خارجہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغانستان کے مسائل کو ہم بہتر طریقے سے سمجھ سکتے ہیں، مسائل کے حل کے لیے افغانستان کی ہر طرح سے مدد کو تیار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ افغانستان سے سقوط کابل کے بعد دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا، غیر ملکی افواج کا رہ جانے والا جدید ترین اسلحہ اور گولہ بارود دہشت گرد اور جرائم پیشہ تنظیموں اور یہاں تک کہ ڈاکوؤں کے ہاتھ میں جاچکا ہے جو حکومت کے لیے ایک چیلنج ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ توقع ہےکہ افغان عبوری حکومت دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائی کرے گی اور دوحہ معاہدے کے تحت اپنی سرزمین کسی بھی ملک کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کی اجازت نہ دینے کے عالمی برادری کے ساتھ کیے گئے وعدے کو پورا کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مؤقف واضح ہے اور اس نے دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے افغان عبوری نظام کا مطالبہ کیا ہے کیونکہ دہشت گردی کی لعنت کے خلاف تعاون دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے پاس کوئی مستقل فوج، انسداد دہشت گردی فورس یا بارڈر مینجمنٹ فورس نہیں ہے جس کی وجہ سے دہشت گردی کا سامنا کرنے لیے صلاحیت کے مسائل ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ماضی میں بھی ہم نے خطرات کا سامنا کیا تھا اور مل کر ان کا مقابلہ کریں گے، افغانستان کی مدد کے لیے تیار ہیں کیونکہ اس کے پاس ایسے خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت کے مسائل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریاست کی رٹ ہر قیمت پر قائم کی جائے گی اور حکومت عسکریت پسندوں یا دہشت گرد تنظیموں کو خوش کرنے کے لیے اقدامات نہیں کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو تجویز دی ہے کہ ملک میں دہشت گردی اور مجرمانہ واقعات سے نمٹنے کے لیے اپیکس کمیٹی کا اجلاس بلایا جائے، ملک کو درپیش تمام مسائل کو جمہوری نظام کے ذریعے حل کیا جاسکتا ہے جس سے سیاسی اور معاشی استحکام میں استحکام آئے گا۔ چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ عام انتخابات وقت پر ہونے چاہئیں تاکہ عوام اپنا حق استعمال کرسکیں۔
مشہور خبریں۔
عمران خان پر ایک اور قاتلانہ حملے کی تیاری ہو رہی ہے، بابر اعوان کا دعویٰ
?️ 3 مارچ 2023اسلام آباد: (سچ خبریں) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما بابر اعوان
مارچ
پولیس نے حلیم عادل کے خلاف چارج شیٹ پیش کر دی
?️ 27 مارچ 2021کراچی (سچ خبریں) پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے سینیر رہنما اور
مارچ
نقب میں صیہونی عرب سربراہی اجلاس کا مقصد
?️ 28 مارچ 2022سچ خبریں:صیہونی حکومت کی پارلیمنٹ کے ایک رکن نے نقب اجلاس کی
مارچ
ہم شام کی وحدت، حاکمیت اور ارضی سالمیت کی حمایت کرتے ہیں:پاکستانی وزارت خارجہ
?️ 9 دسمبر 2024سچ خبریں:پاکستانی وزارت خارجہ نے شام کی موجودہ سیاسی صورتحال پر اپنے
دسمبر
حسن نصراللہ کی باتیں مزاحمتی تحریک کا روڈ میپ: رائے الیوم
?️ 7 جولائی 2021سچ خبریں:انٹر ریجنل اخبار رائے الیوم نے حزب اللہ کے سکریٹری جنرل
جولائی
مجھے ایران مار ڈالے گا؛ٹرمپ کا مزید سکیورٹی کا مطالبہ
?️ 12 اکتوبر 2024سچ خبریں: ریپبلکن پارٹی کے 2024 کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے
اکتوبر
ہم متحد چین کے اصول کو مانتے ہیں: نائیجیریا
?️ 14 اگست 2022سچ خبریں: نائیجیریا کے صدارتی دفتر کی ترجمان فیمی آدیسینا نے ہفتے
اگست
کیا ملک میں دہشتگردی کے خطرات بڑھ رہے ہیں؟ اقوام متحدہ کی رپورٹ
?️ 1 اگست 2024سچ خبریں: اقوام متحدہ نے دہشتگردی پر نئی رپورٹ جاری کی ہے
اگست