اسلام آباد: (سچ خبریں) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سے آئینی ترمیم پر طویل گفتگو ہوئی ہے اور ہم ایک اتفاق رائے پر پہنچ چکے ہیں۔
اسلام آباد میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کل اس نتیجے پر پہنچ چکے تھے کہ اتفاق رائے ہوجائےگا، آج بھی ہماری جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ آئینی ترمیم میں شامل شقوں پر طویل گفتگو ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت کی طرف سے ہمارے ساتھ آئینی ترمیم کا چوتھا مسودہ شیئر کیا گیا ہے، حکومت نے اب تک ہمیں چار مسودے فراہم کیے ہیں اور وہ چاروں ایک جیسے ہیں۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ چوتھے مسودے میں 26 آرٹیکلز کی ترامیم موجود ہیں، ابھی ہماری بات چیت جاری تھی لیکن خصوصی کمیٹی نے اس مسودے کو منظور کرلیا ہے، ہماری بات چیت جاری ہے ہم جلد کسی نتیجے پر پہنچ جائیں گے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ہمارا واضح مؤقف تھا کہ آئینی ترمیم پر ہمارا اتفاق رائےعمران خان کی جانب سے دی جانے والی ہدایات سے مشروط ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ آج ہم بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی درخواست دیں گے اور ہم کوشش کریں گے کہ کل ان سے ملاقات ہوجائے اور ان سے ملاقات کے بعد ہم آئینی ترمیم پر اپنی حتمی رائے دیں گے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات کے بعد ہم ایک اتفاق رائے پر پہنچ گئے ہیں، آئینی ترمیم کے لیے بنائی گئی خصوصی کمیٹی میں ہمارے اور جے یو آئی کے نمائندوں کی جو تجاویز پر مبنی مسودے کو منظور کیا گیا ہے لیکن اس پر ابھی ہماری جے یو آئی سربراہ کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔