سچ خبریں:سابق امریکی صدر نے اپنے حامیوں سے کہا کہ موجودہ امریکی انتظامیہ یوکرین میں غلط کام کر رہی ہے جس سے لاکھوں جانیں ضائع ہو سکتی ہیں۔
سی اسپن کی رپورٹ کے مطابق امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ لاکھوں افراد ہلاک ہو سکتے ہیں کیونکہ واشنگٹن کے موجودہ رہنما نہیں جانتے کہ وہ یوکرین میں کیا کر رہے ہیں، رپورٹ کے مطابق ریاست پنسلوانیا میں اپنے حامیوں میں ٹرمپ نے جدید ہتھیاروں کی ناقابل یقین طاقت کی وجہ سے موجودہ دور کو امریکی تاریخ کا سب سے خطرناک دور قرار دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے ملک کے حکام نہیں جانتے کہ ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ کس طرح بات چیت کی جائے، غلط وقت پر غلط بات کہتے ہیں، نفسیات کے بارے میں کچھ نہیں جانتے ہیں کہ جو پاگل پن ہو رہا ہے اسے ختم کرنے کے لیے کیا کرنا ہے،لاکھوں افراد مر سکتے ہیں کیونکہ ہم نہیں جانتے کہ ہم کیا کر رہے ہیں۔
سابق امریکی صدر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اگر وہ اب صدر ہوتے تو یوکرین میں کوئی تنازعہ نہیں ہوتا، انہوں نے مزید کہا کہ وہاں جو کچھ ہو رہا ہے اسے جاری نہیں رہنے دینا چاہیے، انہوں نے پہلے بھی خبردار کیا تھا کہ یوکرین کی صورتحال انتہائی خطرناک ہے اور عالمی جنگ ہو سکتی ہے۔