سچ خبریں:سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے اپنے شام کے ممکنہ دورے کے بارے میں شائع ہونے والی خبروں پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا۔
اس رپورٹ کے مطابق سعودی وزیر خارجہ نے جنہوں نے میونخ کے سیکورٹی اجلاس میں تقریر کی مزید کہا کہ ہمیں شام کے بحران سے نمٹنے اور اس ملک میں پناہ گزینوں کی واپسی کے حل پر نظر ثانی کرنی چاہیے خاص طور پر شام میں تباہ کن زلزلے کی وجہ سے بہت سے مسائل وجود میں آ چکے ہیں۔
بن فرحان نے واضح کیا کہ پناہ گزینوں کے بحران اور شام میں زلزلے کی تباہی کا حل دمشق کے ساتھ بات چیت کے ذریعے کیا جانا چاہیے۔
سعودی وزیر خارجہ کے یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب چند روز قبل ایک باخبر ذریعے نے اسپوٹنک نیوز ایجنسی سے گفتگو میں اعلان کیا تھا کہ فیصل بن فرحان آنے والے دنوں میں شام کے دارالحکومت دمشق کا سفر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ سعودی عرب شام میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے بعد شام کے لیے امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہا ہے جس نے اس ملک کے متعدد صوبوں میں بہت سے مادی اور انسانی نقصانات چھوڑے ہیں۔