سچ خبریں:فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے مغربی کنارے میں ایک صہیونی آباد کار کے ہاتھوں کار کے نیچے کچل کر ایک بزرگ فلسطینی خاتون کو شہید کرنے پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
اناطولی نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے مغربی کنارے میں صہیونی آباد کاروں کےخلاف مزاحمت کو تیز کرنے کا مطالبہ کیا ہے، رپورٹ کے مطابق حماس کے ترجمان حازم قاسم نے کہا کہ مغربی کنارے میں فلسطینی عوام کے خلاف صیہونی آبادکاری کی دہشت گردی میں اضافے کے پیش نظر مزاحمتی گروپوں کی کارروائیوں کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے ایک بیان میں مزید کہاکہ قابض حکومت کی فوج اور آباد کاروں کو ان جرائم کی قیمت چکانی پڑے گی، حازم قاسم نے مزید کہاکہ ہمہ جہت اتحاد اور مزاحمت ہی صیہونی آبادکاروں کی دہشت گردی کو روک سکتی ہے، دوسری جانب فلسطین لبریشن عوامی فرنٹ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ فلسطینی عوام کے خلاف صیہونی آبادکاروں کی بڑھتی ہوئی دہشت گردانہ کارروائیاں نسلی تطہیر کی جنگ کے تناظر میں ہو رہی ہیں، بیان میں کہا گیا ہےکہ جو کچھ ہوا اس کا خطرہ مقبوضہ بیت المقدس میں ہونے والے واقعات کے خطرے سے کم نہیں، جن کا حکم صیہونی حکومت کی کابینہ نے دیا ہے اور ان کی حمایت کرتی ہے۔