سچ خبریں:روس نے ہالی ووڈ اداکاروں سمیت متعدد امریکی شخصیتوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔
روسی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ واشنگٹن کی روسی شہریوں پر پابندی کے جواب میں اس نے اپنی پابندیوں کی لسٹ میں ۲۵ امریکیوں کا اضافہ کردیا ہے۔
روسی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ روسی شہریوں پر جوبایڈن حکومت کی بڑھتی ہوئی پابندیوں کے جواب میں امریکی ایوان نمائندگان، اعلیٰ سرکاری اہلکاروں، تاجر اور ثقافتی چہروں کی ایک تعداد کو روسی سرزمین میں داخل ہونے پر دائمی پابندی کی لسٹ میں شامل کیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق امریکی وزیر تجارت جینا ریمینڈو اور ہالیووڈ کے دو اداکار شان پین اور بین اسٹیلر کا نام بھی پابندی کی اس نئی لسٹ میں شامل ہے، بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ روس فوبیا کے ضمن میں امریکی مخاصمانہ اقدامات کا مقابلہ بدستور جاری رہے گا جبکہ یہ اقدامات دو طرفہ تعلقات کو خراب کر رہے ہیں نیز روس اور امریکہ کے مابین کشیدگی اور مقابلہ آرائی میں اضافے کا باعث بن رہے ہیں۔
واضح رہے کہ روس کا دعویٰ ہے کہ وہ یوکرین میں مغربی ممالک کے ساتھ مقابلہ کر رہا ہے جبکہ مغربی ممالک اس کی تردید کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ہم یوکرین کو صرف مالی امداد فراہم کر ہے ہیں تاہم زمینی حقائق کچھ اور ہی کہتے ہیں۔