سچ خبریں:عبرانی زبان کے ایک اخبار نے زور دے کر کہا ہے کہ صیہونی حکومت کو حزب اللہ کے ڈرون کے مقابلے میں سکیورٹی اور اقتصادی شکست کا سامنا کرنا پڑا جس نے 40 منٹ تک مقبوضہ فلسطین کے آسمانوں پر گشت کیا۔
فلسطینی انفارمیشن سینٹر کی رپورٹ کے مطابق عبرانی زبان کے اخبار کالکالسٹ نے ہفتے کی شام کو اطلاع دی ہے کہ F-16 لڑاکا طیاروں، ہیلی کاپٹروں اور آئرن ڈوم سسٹم کے میزائلوں میں سے کوئی بھی اسرائیل کے اندر داخل ہونے والےحزب اللہ کے ڈرون کو تباہ کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکا ۔
اخبار نے مزید لکھا کہ اس آپریشن میں صیہونی حکومت کو بیک وقت سکیورٹی اور اقتصادی شکست کا سامنا کرنا پڑا، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی لڑاکا طیارے اور ہیلی کاپٹر بہت مہنگے ہیں اور اسرائیل کے لیے بہتر ہے کہ وہ سستا نظام خریدنے کے بارے میں سوچے۔
اخبار نے بتایا کہ F-16 لڑاکا طیاروں کی ایک گھنٹے کی اڑان پر تقریباً 22000 ڈالر لاگت آتی ہے، رپورٹ کے ایک اور حصے میں آیاہے کہ اپاچی ہیلی کاپٹر کی پرواز کے ایک گھنٹے کی لاگت تقریباً 4000 ڈالر ہے جبکہ ہر آئرن ڈوم میزائل کی قیمت تقریباً 50 ہزار ڈالر ہے۔
یادرہے کہ لبنان کی حزب اللہ نے جمعے کی شام ایک بیان میں کہا کہ اس نے مقبوضہ فلسطین میں جاسوسی کے لیے حسان ڈرون اڑایا ہے جو بحفاظت واپس اپنے اڈے پر آچکا ہے۔