سچ خبریں:صیہونی چینل نے اپنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ موجودہ حالات میں صیہونی حکومت اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے مذاکرات جاری ہیں۔
صیہونی حکومت کے ٹی وی چینل 12 نے خبر دی ہے کہ بحرین کی ثالثی سے ریاض اور تل ابیب کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے کے حوالے سے بات چیت جاری ہے، اس دوران صیہونی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے سعودی عرب کے ولی عہدمحمد بن سلمان سے بات چیت کی۔
اس سلسلے میں سعودی عرب کے ولی عہد نے منامہ کا دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے تل ابیب کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کے حوالے سے بحرین کے وزیر خارجہ عبداللطیف الزیانی سے ملاقات اور گفتگو کی۔،صیہونی حکومت کے ٹی وی چینل 12 نے بتایا کہ نیتن یاہو نے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے اسرائیل کے وزیر خارجہ ایلی کوہن کے ساتھ بھی بات چیت کی۔
صہیونی چینل نے ان مذاکرات کے دوران ریاض کی طرف سے پیش کی گئی دو شرائط کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کی پہلی شرط مغربی کنارے کو سہولیات فراہم کرنا ہے جس کے تحت صیہونی فوج کو مغربی کنارے کی سیکورٹی اور فوجی کنٹرول فلسطینی اتھارٹی کو سونپنا ہوگا۔
مذکورہ چینل کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی دوسری شرط ابو مازن اور مقبوضہ بیت المقدس میں فلسطینی اتھارٹی کے دیگر عہدیداروں کو سیکیورٹی فراہم کرنا نیز مسجد اقصیٰ اور قیامت کلیسا کا تحفظ کرنا ہے۔