تہران (سچ خبریں) ایرانی خفیہ ادارے نے اسرائیل سمیت متعدد ممالک کے جاسوسوں کو گرفتار کرلیا ہے جو لوٹ مار، دستاویزات کی جعلسازی، اور اس کے ذریعے زمین کی خرید و فروخت میں ملوث تھے۔
تفصیلات کے مطابق ایرانی خفیہ ادارے نے غیرملکی خفیہ اداروں سے رابطے میں رہنے والے ایک اسرائیلی جاسوس سمیت متعدد دوسرے افراد کو گرفتار کیا ہے جو ملک میں متعدد قسم کے جرائم انجام دیتے تھے تاہم گرفتار افراد کی شہریت نہیں بتائی گئی ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق وزارت انٹیلی جنس نے کہا کہ ایک اسرائیلی جاسوس کو ایران کے مشرقی صوبے آذربائیجان سے گرفتار کیا گیا ہے اور مختلف ممالک کی خفیہ ایجنسیوں سے رابطے میں رہنے والے دیگر جاسوسوں کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی جاسوس کو ایران کے صوبے مشرقی آذربائیجان سے گرفتار کیا گیا ہے، ایران کی خفیہ ایجنسی کے مطابق جاسوس اور ساتھیوں کے دیگر کئی ممالک کی خفیہ ایجنسیوں کے ساتھ رابطے تھے اور وہ ملک میں کافی عرصے سے سرگرم تھے۔
مشرقی آذربائیجان انٹلیجنس کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے امام زمانہ کے گمنام سپاہیوں نے دن رات کی تلاش و کوشش اور انتھک محنت کے ذریعہ دشمن کے جاسوسی نیٹ ورک پر کاری ضرب وارد کرتے ہوئے جاسوسی ٹیموں سے منسلک متعدد افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ غیر ملکی خفیہ ایجنسیوں سے منسلک افراد بڑے پیچیدہ اور گوناگوں طریقہ سے ایران کے سیاسی، اقتصادی نظام اور ایران کے مختلف شعبوں منجملہ ایٹمی پروگرامز کے متعلق اطلاعات جمع کرکے باہر ارسال کرنے کی کوشش کررہے تھے جنہیں بر وقت کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کرلیا گیا ہے۔