اسرائیل کو ہلا دینے والی دستاویزی فلم ’’نازا‘‘ کے 10 اہم انکشافات

دستاویزی فلم

?️

سچ خبریں:غزہ میں صیہونی فوجی کارروائیوں اور مبینہ نسل کشی کے پس پردہ نظام کو بے نقاب کرنے والی دستاویزی فلم ’’نازا‘‘ عالمی سطح پر سیاسی، صحافتی اور اخلاقی بحث کا موضوع بن گئی ہے۔

دستاویزی فلم ’’نازا‘‘، جس میں غزہ میں صیہونی جرائم اور مبینہ نسل کشی کے شواہد اور صیہونی فوجی و انٹیلی جنس اہلکاروں کے بیانات پیش کیے گئے ہیں، محض ایک فن پارہ نہیں بلکہ عالمی سطح پر ایک بڑی بحث کا سبب بن چکی ہے۔ مختلف فلمی میلوں میں نمائش اور ایوارڈز کے بعد اس فلم کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔

 اس کے پروڈیوسرز کی جانب سے اسے عالمی رہنماؤں اور سیاست دانوں کے سامنے پیش کرنے کے فیصلے کے باعث آنے والے دنوں میں بھی یہ عالمی توجہ کا مرکز رہنے کا امکان ہے۔

صیہونی ہدایت کار یووال ابراہم اور راچل شور نے یہ فلم برطانوی اخبار دی گارڈین سے وابستہ ایک دستاویزی صحافتی منصوبے کے تحت تیار کی ہے۔ اس کی بنیاد صہیونی فوج اور انٹیلی جنس اداروں کے موجودہ اور سابق اہلکاروں کے بیانات پر رکھی گئی ہے، جن میں سے بعض فوجی کارروائیوں میں شریک رہے یا ان کارروائیوں کے دوران فیصلہ سازی کے طریقۂ کار سے واقف تھے۔

سیاسی محقق ڈاکٹر مصطفیٰ الغاشی نے اپنی ایک رپورٹ میں لکھا ہے کہ دستاویزی فلم ’’نازا‘‘ صرف غزہ میں تباہی کے مناظر دکھانے تک محدود نہیں، بلکہ اس تباہی کے پیچھے کارفرما نظام کا جائزہ لینے کی کوشش کرتی ہے۔ یہ فلم فوجی ٹیکنالوجی اور انسانی فیصلوں کے درمیان تعلق، فوجی اہداف کے تعین اور فلسطینی شہریوں کی زندگیوں پر ان فیصلوں کے اثرات کو بھی نمایاں کرتی ہے۔

اس رپورٹ میں فلم اور اس سے وابستہ تنازعات کے دس اہم پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا ہے۔

پہلا نکتہ: فلم ’’نازا‘‘ کے انکشافات کی نوعیت

’’نازا‘‘ (NAZA) کا عنوان عبرانی زبان کی ایک فوجی اصطلاح سے ماخوذ ہے، جس کا مطلب ضمنی نقصانات (Collateral Damage) ہے۔ فوجی اصطلاحات میں یہ لفظ ان شہری ہلاکتوں اور نقصانات کے لیے استعمال ہوتا ہے جن کی کسی فوجی کارروائی کے دوران توقع کی جاتی ہے یا جو اس کے ساتھ پیش آتے ہیں۔

تقریباً 80 منٹ دورانیے کی اس فلم میں صیہونی فوج اور انٹیلی جنس اداروں کے 24 موجودہ یا سابق اہلکاروں کے بیانات شامل ہیں۔ ان افراد کی شناخت اور چہرے چھپائے گئے ہیں تاکہ انہیں ممکنہ انتقامی کارروائیوں سے محفوظ رکھا جاسکے۔ ان کے انٹرویوز تل ابیب میں عمارتوں کی چھتوں پر رات کے وقت ریکارڈ کیے گئے، تاکہ ان بیانات میں رازداری اور تناؤ کی کیفیت برقرار رہے۔

فلم میں درج ذیل موضوعات کا جائزہ لیا گیا ہے:

  • غزہ کی پٹی میں فوجی اہداف کے تعین کا طریقۂ کار۔
  • مخالفین کی شناخت کے لیے مصنوعی ذہانت اور ڈیٹا تجزیے کے نظام کا استعمال۔
  • ڈیجیٹل نگرانی کے نظام اور موبائل فونز و مواصلاتی ذرائع سے حاصل کردہ معلومات کا استعمال۔
  • بعض اہداف کو نشانہ بناتے وقت متوقع شہری ہلاکتوں کی تعداد۔
  • بمباری کے فیصلوں پر انسانی نگرانی کی نوعیت۔
  • فوجی ہدایات اور اخلاقی و قانونی تقاضوں کے درمیان تعلق۔

فلم کے اہم موضوعات میں سے ایک ’’لیوینڈر‘‘ (Lavender) نامی نظام بھی ہے، جو غزہ جنگ کے دوران افراد کی شناخت اور انہیں ممکنہ اہداف کے طور پر منتخب کرنے کے حوالے سے پہلے ہی تنازع کا باعث بن چکا ہے۔

اس فلم کی اہمیت یہ ہے کہ یہ بحث کو صرف ہلاکتوں کی تعداد تک محدود نہیں رکھتی، بلکہ ان اداروں، نظاموں اور فیصلہ سازی کے طریقۂ کار کا جائزہ لیتی ہے جن کے نتیجے میں انسانی جانیں ضائع ہوتی ہیں۔

دوسرا نکتہ: فلم ’’نازا‘‘ کے ایوارڈز اور عالمی نمائش

ستمبر 2026 میں وینس انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں پہلی مرتبہ نمائش کے بعد اس فلم نے عالمی سطح پر نمایاں توجہ حاصل کی۔

فلم کو وینس فلم فیسٹیول میں شائقین کی جانب سے مسلسل 25 منٹ تک تالیاں بجا کر سراہا گیا، جو اس میلے کی تاریخ میں ریکارڈ کی جانے والی طویل ترین پذیرائیوں میں سے ایک ہے۔ وینس فلم فیسٹیول کے 83ویں ایڈیشن میں ’’نازا‘‘ نے خصوصی جیوری ایوارڈ بھی حاصل کیا، جسے فلم کی دستاویزی اور فنی اہمیت کا ایک اہم اعتراف قرار دیا گیا۔

دنیا کے معتبر فلمی اور ثقافتی اخبارات و جرائد نے بھی اس فلم کا خیرمقدم کیا اور اسے مضبوط تحقیقاتی صحافت اور مؤثر سینماٹوگرافک انداز کا امتزاج قرار دیا۔

اس فلم کو 50 سے زائد ممالک میں نمائش کے لیے پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاکہ اس کا عالمی دائرۂ اثر وسیع ہوسکے۔ بعد ازاں اسے برطانوی اخبار گارڈین کی ویب سائٹ پر مفت بھی دستیاب کرانے کا منصوبہ ہے۔

تیسرا نکتہ: اسرائیل کے اندر فلم نے سیاسی اور صحافتی تنازع کیوں پیدا کیا؟

اگر یہ فلم فلسطینی، عرب یا کسی غیر ملکی ہدایت کار نے بنائی ہوتی تو ممکن تھا کہ اسے محض ایک تنقیدی دستاویزی فلم سمجھ کر نظرانداز کردیا جاتا۔ لیکن اسے دو صیہونی ہدایت کاروں نے بنایا ہے اور اس میں صہیونی فوجی اداروں کے اندر سے سامنے آنے والے بیانات شامل ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ یہ فلم تل ابیب کے سرکاری بیانیے کے لیے ایک ناخوشگوار چیلنج بن گئی ہے۔

بعض صیہونی عہدیداروں کا خیال ہے کہ یہ فلم صیہونی فوج کی ساکھ کو نقصان پہنچاتی ہے اور ایسا بیانیہ پیش کرتی ہے جو اسرائیل کے مخالفین کے مفاد میں ہے۔ دوسری جانب فلم کے حامیوں کا کہنا ہے کہ اس کی اصل اہمیت ہی یہ ہے کہ یہ صیہونی معاشرے کے اندر سے ایک تنقیدی نقطۂ نظر سامنے لاتی ہے۔

صیہونی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے فلم اور اس کے ہدایت کاروں پر تنقید کرتے ہوئے ایسے افراد کی شہریت منسوخ کرنے کا امکان ظاہر کیا جو ’’صہیونی خودمختاری کو نقصان پہنچانے‘‘ یا ’’صیہونی فوجیوں کو بدنام کرنے‘‘ کے مرتکب قرار دیے جائیں۔

صیہونی فوج نے فلم میں پیش کیے گئے بیانات کو مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ گمنام افراد کی گواہیوں کی بنیاد پر ان کی شناخت، عہدے اور ذمہ داریوں کی مناسب جانچ ممکن نہیں ہے۔

اسرائیل کے سابق وزیراعظم نفتالی بینیٹ نے اس فلم کو اسرائیل کی خون آلود بدنامی کی ایک کوشش قرار دیا اور کہا کہ بین الاقوامی فورمز پر صیہونی فوج کے خلاف الزامات پیش کرنا اسرائیل کے دشمنوں کے مفاد میں ہے۔

یہ ردعمل اس حد تک بڑھ گیا کہ فلم کے ہدایت کاروں پر غداری کے الزامات عائد کیے گئے اور انہیں اشتعال انگیز مہمات اور دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ اس صورت حال نے ان کی جان و سلامتی کے حوالے سے بھی خدشات پیدا کردیے۔

چوتھا نکتہ: فلم کے عالمی حامی

بین الاقوامی سطح پر اس فلم کے خلاف نہیں بلکہ اس کے حق میں صحافیوں، انسانی حقوق کے کارکنوں، ہدایت کاروں اور دانشوروں کی جانب سے وسیع حمایت سامنے آئی۔

ان شخصیات کا خیال ہے کہ یہ فلم روایتی فلمی صنعت کی حدود سے آگے بڑھ کر انسانی ضمیر اور اخلاقی ذمہ داری کے احتساب کا ذریعہ بن گئی ہے۔

فلم کے اہم بین الاقوامی حامیوں میں انسانی حقوق کی تنظیمیں، انسانی ہمدردی کے ادارے، صحافتی و ابلاغی حلقے، ثقافتی اور فنون لطیفہ سے وابستہ ادارے و شخصیات اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے اندر موجود تنقیدی حلقے شامل ہیں۔

پانچواں نکتہ: کیا ’’نازا‘‘ اسرائیل کے خلاف قانونی فرد جرم کی بنیاد بن سکتی ہے؟

دستاویزی فلمیں خواہ کتنی ہی مؤثر کیوں نہ ہوں، ان کا جائزہ حقائق کی تصدیق، شواہد کی جانچ اور منظم احتساب کے اصولوں کے تحت لینا ضروری ہے۔

اس فلم میں 24 افراد کے بیانات شامل ہیں، تاہم موضوع کی حساسیت اور گواہوں کے خلاف ممکنہ انتقامی کارروائیوں کے خدشے کے باعث ان کی شناخت پوشیدہ رکھی گئی ہے۔ اس صورت حال میں ان کی شناخت، فوجی رینک، ادارہ جاتی حیثیت اور زیر بحث فیصلوں سے ان کی براہ راست واقفیت کی آزادانہ تصدیق کے حوالے سے سوالات پیدا ہوتے ہیں۔

اس دستاویزی فلم کا ایک اہم موضوع مصنوعی ذہانت اور فوجی فیصلہ سازی کے درمیان تعلق ہے۔ مصنوعی ذہانت کا اہداف کی شناخت میں کردار ہونے کا لازمی مطلب یہ نہیں کہ کسی شخص کو ہلاک کرنے کا حتمی فیصلہ بھی مشین ہی کرتی ہے۔ تاہم انسانی منظوری کا ظاہری عمل بھی متعلقہ حکام کو ان کی قانونی اور اخلاقی ذمہ داریوں سے بری نہیں کرسکتا۔

لہٰذا ذمہ داری کو صرف مصنوعی ذہانت تک محدود کردینا فیصلہ کرنے والے انسانوں، اداروں اور فوج کے کردار کو پس منظر میں نہیں ڈال سکتا۔

اگرچہ یہ فلم ایسے معلوماتی مواد اور بیانات پیش کرتی ہے جو غزہ میں بین الاقوامی اور انسانی قوانین کی وسیع پیمانے پر ممکنہ خلاف ورزیوں کے حوالے سے سنجیدہ سوالات اٹھاتے ہیں، تاہم جنگی جرائم، انسانیت کے خلاف جرائم یا نسل کشی کو قانونی طور پر ثابت کرنے کے لیے ٹھوس شواہد، آزادانہ تحقیقات، انفرادی اور ادارہ جاتی ذمہ داریوں کا تعین اور ہر جرم کے مخصوص قانونی عناصر کو ثابت کرنا ضروری ہے۔

رپورٹ کے مطابق غزہ میں صیہونی فوج کی مسلسل موجودگی ان معاملات کی تحقیقات میں رکاوٹ بن رہی ہے۔

چھٹا نکتہ: ’’نازا‘‘ نے صیہونی میڈیا کے بحران کو بے نقاب کردیا

اس فلم کے حوالے سے غور طلب اہم پہلو یہ ہے کہ تل ابیب میں پیدا ہونے والا بحران صرف فلم کے مواد کی وجہ سے نہیں، بلکہ ان تضادات کے باعث بھی ہے جنہیں اس نے صیہونی سیاسی اور ابلاغی حلقوں میں نمایاں کیا ہے۔

فلم نے صہیونی معاشرے میں تین مختلف بیانیوں کے درمیان موجود خلیج کو سامنے لایا ہے۔

پہلا: سرکاری بیانیہ

صیہونی سرکاری مؤقف کے مطابق فوج مسلح گروہوں کو نشانہ بناتی ہے، شہری ہلاکتوں کو کم کرنے کے اقدامات کرتی ہے اور فوجی کارروائیاں قانون کے مطابق انجام دیتی ہے۔

دوسرا: اداروں کے اندر سے سامنے آنے والا بیانیہ

اس میں فلم کے ذریعے فوجی اہداف کے تعین کے نظام، شہری ہلاکتوں کے تخمینوں اور فوجی اداروں کے اندر فیصلہ سازی کے طریقۂ کار سے متعلق بیانات شامل ہیں۔

تیسرا: بین الاقوامی بیانیہ

یہ بیانیہ تحقیقاتی صحافت، انسانی حقوق کی رپورٹس، غزہ سے موصول ہونے والی تصاویر، فلسطینی اور صیہونی گواہیوں اور بین الاقوامی تحقیقات کے نتیجے میں سامنے آیا ہے۔

اس بحران کا شاید سب سے تشویش ناک پہلو یہ ہے کہ اسرائیل کے بعض سیاسی ردعمل میں شواہد اور بیانات کا جائزہ لینے اور ان کا جواب دینے کے بجائے فلم کے ہدایت کاروں کی ساکھ کو مشکوک بنانے، ان کے ذرائع کا سراغ لگانے اور ان کی شناخت ظاہر کرنے کی کوششوں پر زیادہ توجہ دی گئی۔

ساتواں نکتہ: غزہ جنگ میں بیانیے کی جنگ اور ’’نازا‘‘ کا کردار

7 اکتوبر 2023 سے غزہ کے خلاف جنگ صرف ایک فوجی محاذ آرائی تک محدود نہیں رہی، بلکہ یہ بیانیے، تصاویر، اجتماعی یادداشت اور واقعات کی تشریح کی جنگ میں بھی تبدیل ہوگئی ہے۔

اس تناظر میں اسرائیل کو صرف فوجی اور سیاسی چیلنجز کا سامنا نہیں رہا، بلکہ غزہ میں وسیع پیمانے پر تباہی، بڑی تعداد میں شہری ہلاکتوں اور بین الاقوامی سطح پر تحقیقات و احتساب کے مطالبات میں اضافے کے باعث اس کی عالمی ساکھ کو بھی مسلسل دباؤ کا سامنا ہے۔

ڈیجیٹل میڈیا، تحقیقاتی صحافت اور دستاویزی سینما بھی اس صورت حال میں عالمی رائے عامہ تک حقائق پہنچانے کے مؤثر ذرائع بن چکے ہیں۔

اس تناظر میں فلم ’’نازا‘‘ کی اہمیت کے تین بنیادی پہلو ہیں:

اول: بیانیے کی اجارہ داری کا خاتمہ

جب صیہونی فوجی اداروں کے اندر سے تعلق رکھنے والے افراد جنگ کے طریقۂ کار کے بارے میں بات کرتے ہیں تو اس بحث کو صرف صیہونی اور فلسطینی بیانیوں کے درمیان دوطرفہ اختلاف تک محدود رکھنا ممکن نہیں رہتا۔

دوم: ادارہ جاتی ذمہ داری کی جانب توجہ

یہ فلم غزہ میں جرائم کے مسئلے کو کسی ایک فوجی یا میدانی کمانڈر کے عمل تک محدود نہیں کرتی، بلکہ نگرانی، اہداف کے تعین، منصوبہ بندی اور فوجی کمان کے نظام کے بارے میں بھی سوالات اٹھاتی ہے۔

سوم: اخلاقی ذمہ داری کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا

یہ فلم واضح کرتی ہے کہ معاملہ صرف اسرائیل کے حق دفاع یا فلسطینیوں کے حق مزاحمت تک محدود نہیں، بلکہ طاقت کے استعمال کی حدود، شہریوں کے تحفظ اور بین الاقوامی انسانی قانون کے اصولوں کی پابندی سے بھی متعلق ہے۔

آٹھواں نکتہ: صہیونی رہنما فلم کی عالمی اشاعت سے کیوں خوف زدہ ہیں؟

اس فلم کی درجنوں ممالک میں نمائش تل ابیب کے لیے سینما کے دائرے سے کہیں بڑا چیلنج پیدا کرسکتی ہے۔

یہ فلم صیہونی فوجیوں اور عہدیداروں کے بیانات پر مبنی ایک ایسا بیانیہ عالمی ناظرین کے سامنے پیش کرتی ہے جسے غزہ میں صیہونی تباہی اور مبینہ نسل کشی کے تناظر میں دیکھا جارہا ہے۔

یہاں تک کہ فلم کی نمائش روکنے یا اس کے ہدایت کاروں کو سزا دینے کی کوشش بھی الٹا نتیجہ پیدا کرسکتی ہے۔ اس سے فلم کی جانب عوامی توجہ مزید بڑھ سکتی ہے اور اسے سیاسی سنسرشپ کے خلاف ایک عالمی علامت بنایا جاسکتا ہے۔

یہ صورت حال صیہونی حکومت کو درپیش مشکلات کو مزید نمایاں کرتی ہے۔

نواں نکتہ: عرب دنیا اور فلسطین کے لیے ’’نازا‘‘ کی ذمہ داری

اگر فلم ’’نازا‘‘ کو صرف اس بنیاد پر عرب یا فلسطینی میڈیا کی فتح قرار دیا جائے کہ اس نے صیہونی فوجی اداروں پر تنقید کی ہے تو یہ ایک غلط فہمی ہوگی۔

اس فلم کی حقیقی کامیابی اس وقت ممکن ہوگی جب اس میں پیش کیے گئے بیانات اور معلومات کو مستند علم، قانونی دفاع اور تاریخی یادداشت میں تبدیل کیا جائے۔

اس حوالے سے متعدد ذمہ داریاں سامنے آتی ہیں:

1۔ عرب میڈیا اداروں کی ذمہ داری

صرف تصاویر اور جذباتی بیانات دوبارہ نشر کرنے کے بجائے تحقیقاتی رپورٹس تیار کرنا، گواہیوں کا جائزہ لینا اور دستاویزات کی مسلسل پیروی کرنا ضروری ہے۔

2۔ جامعات اور تحقیقی مراکز کی ذمہ داری

جدید جنگوں میں مصنوعی ذہانت کے استعمال سے پیدا ہونے والی تبدیلیوں کا جائزہ لینا اور بین الاقوامی انسانی قانون و ٹیکنالوجی کے اخلاقی استعمال پر اس کے اثرات کا تجزیہ کرنا ضروری ہے۔

3۔ انسانی حقوق کے اداروں کی ذمہ داری

معلومات کی آزادانہ تصدیق، حقوق کی خلاف ورزیوں کی دستاویز بندی اور شواہد کو بین الاقوامی قانونی کارروائیوں سے منسلک کرنے کی کوشش کرنا ضروری ہے۔

4۔ عرب فلم سازوں اور دانشوروں کی ذمہ داری

ایسی دستاویزی فلمیں تیار کرنا ضروری ہے جو روزمرہ کے واقعات کو محفوظ کرنے سے آگے بڑھ کر ایک تاریخی اور انسانی بیانیہ تشکیل دیں۔

دسواں نکتہ: جب سینما انسانی ضمیر کی عدالت بن جاتا ہے

اس تناظر میں فلم ’’نازا‘‘ کے معاملے سے پانچ بنیادی نتائج اخذ کیے جاسکتے ہیں:

اول: یہ فلم تحقیقاتی صحافت اور دستاویزی سینما کے امتزاج کی ایک نمایاں مثال ہے، جس میں گواہیوں کو اداروں کے احتساب کا ذریعہ بنایا گیا ہے۔

دوم: مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے اندر اس فلم پر پیدا ہونے والے تنازع نے غزہ جنگ کے حوالے سے صیہونی معاشرے میں موجود اختلافات اور فوجی اداروں پر اندرونی تنقید کی حدود کو نمایاں کیا ہے۔

سوم: جنگوں میں مصنوعی ذہانت کا استعمال طاقت کے استعمال سے متعلق قانونی اور اخلاقی اصولوں پر گہرے نظرثانی کا تقاضا کرتا ہے، خصوصاً اس وقت جب انسانی اہداف کی شناخت کا معاملہ ہو۔

چہارم: آزادی اظہار کا اصل امتحان اس وقت نہیں ہوتا جب کوئی صحافی یا فنکار اپنے ملک کی تعریف کرتا ہے، بلکہ اس وقت ہوتا ہے جب وہ ایسے حقائق سامنے لاتا ہے جنہیں سیاسی طاقت عوام تک پہنچنے سے روکنا چاہتی ہے۔

پنجم: مستقبل میں اس فلم کی تاریخی اہمیت کا تعین اس بات سے ہوگا کہ اس کی گواہیوں کی کس حد تک تصدیق ہوسکتی ہے، آزادانہ تحقیقات کے کیا نتائج سامنے آتے ہیں اور یہ احتساب و انصاف کے قیام میں کتنا کردار ادا کرتی ہے۔

مشہور خبریں۔

ڈنمارک جنگ میں یوکرین کا لاجسٹک اڈہ بن گیا ہے: روسی سفیر

?️ 1 نومبر 2026سچ خبریں: ڈنمارک میں روس کے سفیر ولادیمیر باربن نے انکشاف کیا

ایرانی تنصیبات پر تصدیق سے متعلق IAEA کی جانبدارانہ رپورٹ

?️ 3 ستمبر 2026سچ خبریں: بین الاقوامی توانائی اٹامک ایجنسی (آئی اے ای اے) نے

برلن میں میناب کے پرائمری اسکول کے شہداء کی یادگاری نمائش کا انعقاد

?️ 18 اپریل 2026 سچ خبریں: میناب کے شجرہ طیبہ پرائمری اسکول کے شہداء کی

افغانستان کی جانب سے فائرنگ کے بعد پاکستان سے سرحدی جھڑپ شروع

?️ 18 اکتوبر 2026سچ خبریں: پاکستانی میڈیا کے مطابق خیبر پختونخوا کے علاقے کرم بالا

ٹرمپ کے ٹیرف کے خلاف امریکی سپریم کورٹ کے فیصلے پر یورپ کا ردعمل

?️ 22 فروری 2026 سچ خبریں:امریکی سپریم کورٹ کی جانب سے ٹرمپ کے ٹیرف منصوبوں

ٹرمپ اسرائیل کے سامنے کمزور اور بےبس ہیں: امریکی سینیٹر

?️ 8 جون 2026سچ خبریں:امریکی سینیٹر کرس مرفی نے ڈونلڈ ٹرمپ پر سخت تنقید کرتے

ٹرمپ کی نئی گستاخانہ گفتار: "کیوبا اگلا ہدف ہے”

?️ 28 مارچ 2026سچ خبریں: امریکی صدر، جو خود کو امن لانے والا اور جنگوں

ہم ایسی جنگ کی قیمت ادا کر رہے ہیں جو ہم نے شروع نہیں کی: فرانس

?️ 7 مئی 2026سچ خبریں:فرانسیسی وزیر خارجہ نے خبردار کیا کہ امریکہ کے ساتھ ایران

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے