’یہ طاقت نہیں بزدلانہ فعل ہے‘، فواد خان، ماہرہ خان سمیت پاکستانی اداکاروں کی بھارتی حملے کی شدید مذمت

?️

کراچی: (سچ خبریں) فواد خان، ہانیہ عامر، بلال عباس اور ماہرہ خان سمیت پاکستان کے مایہ ناز اداکاروں نے رات گئے ہونے والے بھارت کے بزدلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ’شرمناک‘ اور بزدلانہ فعل قرار دیا۔

اداکاروں نے اپنے انسٹاگرام ہینڈل پر اسٹوریز اور پوسٹس کے ذریعے بھارتی حملے کی مذمت کی اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر غم و غصے کا اظہار کیا۔

اداکار فواد خان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اسٹوری کے ذریعے بھارتی حملے کو ’شرمناک‘ قرار دیا، ساتھ ہی لوگوں سے درخواست کی کہ ’اس تشویش ناک صورت حال معاملے کو مزید سنگین رخ نہ دیں‘۔ انہوں نے زخمی اور شہید افراد کے لواحقین سے اظہارِ تعزیت کیا اور کہا کہ ’میں امید کرتا ہوں کہ انشااللہ عقل و فہم کی جیت ہوگی‘۔

اداکارہ ماہرہ خان نے مصنفہ فاطمہ بھٹو کی ٹوئٹ کو اپنے انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کرتے ہوئے حملے کو ’بزدلانہ قرار دیا اور دعا کی کہ ’یااللہ ہمارے ملک کی حفاظت فرمائیں‘۔

بعدازاں اداکارہ نے انسٹاگرام پوسٹ میں کہا، ’میں بہت خوش قسمت ہوں کہ میں ایک ایسے ملک میں رہتی ہوں جہاں میں اپنی مرضی سے اپنی بات کہہ سکتی ہوں اور کوئی مجھے کچھ بھی کہنے کے لیے مجبور نہیں کرتا، جب ہمارے ملک میں ہمارے ساتھ ناانصافی ہوتی ہے ہم تب بھی آواز اٹھاتے ہیں اور جب کوئی بنا کسی ثبوت کے ہمارے ملک پاکستان پر الزام لگاتا ہے تب بھی ہم تشدد کی مذمت کرتے ہیں‘۔

اداکارہ نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’بھارت آپ کی نفرت اور اشتعال انگیزی برسوں سے جاری ہے اور میں نے اسے اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے اور میں اس تجربے سے گزری ہوں۔ آپ کا میڈیا منقسم ہے اور آپ کی بااثر آوازیں خوف کی وجہ سے نسل کشی اور جنگی جرائم پر خاموش رہتی ہیں۔ اس خوف میں آپ جیت کا دعویٰ کرتے ہیں لیکن میرے نزدیک یہ خاموشی آپ کی شکست ہے‘۔

ماہرہ خان نے مزید کہا، ’میں اپنے وطن پاکستان سے پیار کرتی ہوں، امید کرتی ہوں کہ ہم جو کریں وہ درست ہو اور ہم کبھی بھی بھڑکائے جانے کے باوجود ان کی سطح پر نہ گریں۔۔۔ پاکستان زندہ باد!‘

اداکارہ درِ فشاں نے ماہرہ خان کی پوسٹ کو اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کیا اور بات چیت کے ذریعے حل نکالنے کی امید کی۔

دوسری جانب اداکارہ ہانیہ عامر نے بھی بھارتی حملے کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ’میں غصہ اور درد محسوس کررہی ہوں، بچہ شہید ہوگیا اور خاندان تباہ ہوگئے‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’آپ معصوم لوگوں پر بم برسانے کو حکمت عملی نہیں کہہ سکتے، یہ طاقت کا مظاہرہ نہیں بلکہ شرمناک اور بزدلانہ فعل ہے‘۔

اداکارہ عائزہ خان نے کہا، میں انسانیت کے ساتھ کھڑی ہوں۔ میں پاکستان کے ساتھ کھڑی ہوں’۔

اداکار بلال عباس نے بھارتی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا، ’معصوم شہریوں پر بچوں پر حملہ کرنا بزدلانہ اور توہین آمیز فعل ہے اور انسانیت کے خلاف جرم ہے۔ ہم اس جبر کو نہیں بھولیں گے اور اس ناانصافی کے آگے خاموش نہیں بیٹھیں گے‘۔

اداکارہ مایا علی نے پاکستان زندہ باد کے نعرے کے ساتھ کہا کہ جنگ کبھی بھی حل نہیں اور نہ ہی کبھی ہوگا’۔

اداکار عثمان خالد بٹ نے سوال کیا، ’کیا دہشتگردوں کا ٹھکانہ میرے گھر کے برابر میں گنجان آباد علاقے میں ہے؟‘

اداکار اور گلوگار فرحان سعید نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں قائداعظم سے اظہار تشکر کیا جبکہ اداکار وہاج علی نے اسٹوری میں ’سب سے پہلے پاکستان‘ لکھا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل 22 اپریل کو پہلگام حملے کے بعد فواد خان اور ہانیہ عامر سمیت پاکستان کے دیگر اہم اداکاروں نے حملے کی مذمت کی تھی، جبکہ بھارت نے اشتعال انگیزی کا مظاہرہ کرتے ہوئے علی ظفر، ہانیہ عامر، ماہرہ خان، عائزہ خان اور بلال عباس سمیت مایہ ناز پاکستانی اداکاروں کے انسٹاگرام اکاؤنٹس پرپابندی لگادی تھی۔

حال ہی میں پاکستان عروہ حسین نے پاکستانی اداکاروں پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا، ’اگر آپ پر کوئی قتل کا الزام لگائے تو آپ کا پہلا ردعمل یہ نہیں ہوگا کہ آپ اس واقعے کی مذمت کرتے ہیں بلکہ قدرتی ردعمل کے طور پر آپ اپنا دفاع کریں گے‘۔

اس کے علاوہ مصنفہ اور مرتضیٰ بھٹو کی صاحبزادی فاطمہ بھٹو نے اسرائیل کامنٹری نامی اکاؤنٹ کی ٹوئٹ ’اسرائیل بھارت کے ساتھ کھڑا ہے‘ کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’اس دنیا میں ایک پاکستانی بھی نہیں چاہے گا کہ اسرائیل ہمارا ساتھ دے‘۔

واضح رہے کہ رات گئے پاکستان کے 6 مقامات پر بھارت کے بزدلانہ حملے میں 26 پاکستانی شہید ہوئے جبکہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے علی الصبح میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاک فوج کے جوابی حملے میں دشمن کے 5 طیارے اور ایک لڑاکا ڈرون کو مار گرایا ہے جبکہ گرائے گئے بھارتی جنگی طیاروں میں 3 رافیل، ایک مگ 29 اور ایک سخوئی 30 شامل ہے، اس کے علاوہ ایک ہیرون لڑاکا ڈرون بھی شامل ہیں۔

مشہور خبریں۔

شام کے خلاف صیہونی حملوں پر ترکی کا ردعمل

?️ 29 نومبر 2025سچ خبریں:ترکی نے شام کے بیت جن شہرک پر صیہونی حملے کو

بھارت کی روس کو مغربی پابندیوں کو نظرانداز کرنے کی پیشکش

?️ 4 فروری 2023سچ خبریں:ایسے میں جب امریکہ دنیا کے دیگر ممالک پر روس مخالف

غزہ کا محاصرہ جاری رکھنے کے کسی بھی طرح کےنتائج کی ذمہ دار صہیونی حکومت ہوگی:حماس

?️ 29 اگست 2021سچ خبریں:فلسطینی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے ترجمان نے غزہ کی پٹی

سعودی اتحاد کے ہاتھوں یمن کے خلاف 30 لاکھ کلسٹر بم استعمال

?️ 5 اپریل 2022سچ خبریں:ایک یمنی عہدہ دار نے پیر کی شب کہا کہ سعودی

’روپے کی قدر میں اضافہ عارضی ثابت ہوسکتا ہے‘

?️ 27 اکتوبر 2023اسلام آباد: (سچ خبریں) گولڈمین گروپ نے خبردار کیا ہے کہ ستمبر

ملک میں 2400 مربع کلومیٹر پر محیط 14نئے آئل گیس کی دریافت ہوئے

?️ 31 دسمبر 2021اسلام آباد(سچ خبریں) تفصیلات کے مطابق وزیر توانائی حماد اظہر کا سماجی

فوج مداخلت نہیں کرے گی:آرمی چیف

?️ 23 مارچ 2022اسلام آباد (سچ خبریں) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ

بھارت اسرائیل کو ہتھیار فراہم کرنے والے اہم ترین ممالک میں شامل: ایمنسٹی انٹرنیشنل

?️ 13 اگست 2026سچ خبریں:ایمنسٹی انٹرنیشنل کی تحقیقات کے مطابق بھارت صہیونی حکومت کو اسلحہ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے