کراچی: (سچ خبریں) مقبول پاکستانی اداکار فواد خان اور ماہرہ خان کی بلاک بسٹر فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ کو بھارت میں ریلیز پر شدید مزاحمت کا سامنا ہے۔
بھارتی میڈیا بولی ووڈ ہنگامہ کی رپورٹس کے مطابق فلم کو سیاسی گروہوں خصوصاً مہاراشٹر نونرمان سینا کی طرف سے شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر فلم ملک میں دکھائی گئی تو احتجاج کیا جائے گا۔
پاکستانی سنیما اور فنکاروں کی سخت مخالفت کرنے والے اس گروہ نے ایک بار پھر اس فلم کی ریلیز پر برہمی کا اظہار کیا ہے، ایم این ایس سنیما ونگ کی صدر امیہ کھوپکر نے واضح کیا کہ پارٹی فلم کوبھارت میں ریلیز کرنے کی ہر گز اجازت نہیں دے گی۔
امیہ کھوپکر کا کہنا ہے کہ یہ فلم ریلیز نہیں کی جائے گی، صرف یہ فلم ہی نہیں، ہم بھارت میں کسی بھی پاکستانی فلم یا اداکار کو جگہ نہیں دیں گے، اگر ایسا ہوتا ہے تو سخت احتجاج کیاجائے گا۔
انہوں نے دیگربھارتی ریاستوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ بھی اس کی پیروی کریں اور فلم کی نمائش کی مخالفت کریں۔
انہوں نے غیر ملکی فنکاروں پر بھارتی ٹیلنٹ کو ترجیح دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے فوجی سرحدوں پر مر رہے ہیں اور ہمارے شہروں پر حملے ہو رہے ہیں، ہمیں یہاں پاکستانی اداکاروں کی ضرورت کیوں ہے؟ کیا ہمارے پاس کافی ٹیلنٹ نہیں ہے؟
انہوں نے بھارت میں سینما مالکان کوخبر دار کرتے ہوئے کہا کہ وہ فلم کی نمائش پر نظر ثانی کریں، مزید کہنا تھا کہ اگرچہ آرٹ اور سیاست الگ ہیں لیکن پارٹی بھارتی فوجیوں کی قیمت پر پاکستانی فلموں کی نمائش کے خیال کی حمایت نہیں کرتی۔
خیال رہےکہ فواد خان اور ماہرہ خان کی فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ 2 اکتوبر 2024 کو بھارت میں ریلیز کی جائے گی اور اس کے ڈسٹری بیوٹرز زی اسٹوڈیوز ہیں۔
فلم کے ہدایتکار بلال لاشاری نے بھی اپنے انسٹا گرام پوسٹ پر لکھا تھا کہ بھارت میں فلم 2 اکتوبر کو ریلیز کی جائے گی، ان کا کہنا تھا کہ دو سال گزر چکے ہیں، اور اب بھی پاکستان میں ویک اینڈ پر ہاؤس فل رہتا ہے۔
دی لیجنڈ آف مولا جٹ کا پاکستان سے بھارت تک کا سفر طویل ہے لیکن فلم کی کامیابی ناقابل تردید ہے، فلم پاکستان میں 13 اکتوبر 2022 کو ریلیز ہوئی اور جلد ہی اگست 2023 تک دنیا بھر میں 400 کروڑ روپے سے زائد کلکشن کر کے ایک نئی تاریخ رقم کی۔
یہ فلم 1979ء میں ریلیز ہونے والی سپرہٹ فلم ’مولا جٹ‘ کا سیکوئل یا ری میک تو نہیں ہے، بلکہ اس فلم کے کرداروں پر مبنی ایک نئی کہانی کو تخلیق کیا گیا ہے، جس کو فلم کی زبان میں ری بوٹ کہا جاتا ہے۔
گزشتہ برس ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو ’ یورپی ملک ناروے میں ہونے والے سالانہ ’بولی وڈ فلم فیسٹیول‘ میں بہترین فلم کا ایوارڈ دیا گیا تھا۔
فلم کی کاسٹ میں فواد خان، ماہرہ خان، حمزہ علی عباسی، حمائمہ ملک، گوہر رشید و دیگر اداکار شامل ہیں۔