کراچی (سچ خبریں) گلوکار علی عظمت نے ملکہ ترنم نور جہاں کے حوالے سے دیے گئے اپنے بیان کی وضاحت جاری کردی۔ ان کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر میرے خلاف مہم چلائی جا رہی ہے۔ علی عظمت کو سوشل میڈیا پر شوبز شخصیات کی جانب سے وسیع پیمانے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
خیال رہے کہ علی عظمت نے چند روز قبل ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ماضی میں جب وہ نوجوان تھے تو میڈم نورجہاں کو ٹی وی پر ساڑھی کے ساتھ حد سے زیادہ میک اپ میں گاتا ہوا دیکھ کر وہ ’چڑ‘ جاتے تھے۔
علی عظمت نے ایک طرح سے کہا تھا کہ ملکہ ترنم نورجہاں کے انداز کی وجہ سے ہی پاکستان میں مغربی موسیقی کے کلچر کے فروغ دلایا گیا تھا۔تاہم مذکورہ بیان کے بعد علی عظمت کو سوشل میڈیا پر شوبز شخصیات کی جانب سے وسیع پیمانے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
جس کے بعد گلوکار علی عظمت نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو میں چند روز قبل دیے گئے بیان کی وضاحت کی۔علی عظمت نے کہا کہ سوشل میڈیا پر میرے حوالے سے ایک مہم چلائی جارہی ہے جس میں میرا نور جہاں سے مقابلہ کیا جارہا ہے، جس نے بھی یہ ویڈیو پوسٹ کی ہے پوری نہیں کی بلکہ ایڈیٹ کرکے کی ہے۔