اسلام آباد: (سچ خبریں) نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیری آزادی پسند رہنما محمد یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے اپنے شوہر کی مسلسل بھوک ہڑتال کی وجہ سے ان کی صحت کی بگڑتی ہوئی حالت پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے عالمی رہنماؤں اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ یاسین ملک کی جان بچانے کیلئے کردار ادا کریں۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محمد یاسین ملک نے جیل انتظامیہ کی طرف سے طبی سہولیات کی عدم فراہمی کیخلاف یکم نومبر سے بھوک ہڑتال کر رکھی ہے۔مشعال ملک نے ایک بیان میں کہا کہ بھارت محمد یاسین ملک کو اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے خاموش کرانے کی کوشش کر رہا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ مسلسل بھوک ہڑتال انکے لیے جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے ، ادویات کی عدم فراہمی کی وجہ سے یاسین ملک کی صحت انتہائی خراب ہو چکی ہے۔
مشعال حسین ملک نے آر ایس ایس کی سرپرستی میں قائم بی جے پی کی بھارتی حکومت کو خبر دار کیا کہ اگر یاسین ملک کیساتھ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو وہ براہ اسکی ذمہ دار ہو گی۔
انہوں نے بین الاقوامی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموںپر زور دیا کہ وہ دوہرا معیار چھوڑیں اور جیل میں بند انکے شوہر کیساتھ ہونے والے ناروا بھارتی سلوک کا نوٹس لیں اور انکی رہائی کیلئے کردار ادا کریں۔