سرینگر(سچ خبریں) مقبوضہ کشمیر میں نیشنل کانفرنس نے بھارتی حکومت کی سازشوں کو بے نقاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی حکومت نے کشمیری عوام کا جینا حرام کردیا ہے اور بھارت یہ چاہتا ہے کہ کشمیری عوام معاشی اعتبار سے کمزور ہوجائیں تاکہ بھارت کے مظالم کے خلاف بولنے کی ہمت نہ کریں۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے جنرل سیکرٹری علی محمد ساگر نے کہا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں لاک ڈائون سے یہاں کا ہر شعبہ زندگی متاثر ہوا ہے اور لوگ دو وقت کی روٹی حاصل کرنے میں ناکا م ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق علی محمد ساگر نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ مقبوضہ علاقے میں کمر توڑ مہنگائی نے عوام کا جینا حرام کر رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری اس وقت تباہ کن اقتصادی اور معاشی حالات کی چکی میں پس رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ کشمیری دستکاری بالکل دم توڑ رہی ہے، لاکھوں ہنر مند ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کا شعبہ بری طرح متاثر ہوا ہے، تعلیم یافتہ نوجوان بے روزگاری کی وجہ سے ذہنی پریشانی میں مبتلا ہیں اور ان کا مستقبل تاریک ہوتا جا رہا ہے۔
علی محمد ساگر نے قابض انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ مستحق افراد تک ایک معقول اور مناسب مالی پیکیج پہنچانے کی کوشش کرے۔