سرینگر (سچ خبریں) مقبوضہ کشمیر میں مسلح افراد کی فائرنگ سے متعدد بھارتی فوجی ہلاک اور زخمی ہوگئے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع سرینگر میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے تین قابض بھارتی فوجیوں کو موت کی وادی میں پہنچا دیا، اس حملے کے دوران متعدد قابض بھارتی فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق حملے کے بعد قابض بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے اور حملہ آوروں کی تلاشی شروع کر دی ہے۔
واضح رہے کہ یہ واقعہ ایک ایسے وقت پیش آیا ہے جب بھارت اور پاکستان میں کشیدگی کی کمی کے لیے دونوں ملکوں کی قیادت نے تعاون پر زور دیا ہے۔
پچھلے ماہ کشمیر کی لائن آف کنٹرول پر تعینات دونوں ملکوں کے فوجی کمانڈروں نے جنگبدی کا احترام کرنے پر اتفاق کیا تھا،
بھارتی فوجی دستوں پر تازہ حملہ اس وقت ہوا جب وہ مرکزی شہر سرینگر کے نواحی علاقے میں معمول کی گشت پر تھے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق مسلح افراد نے فوج کی دو بکتربند گاڑیوں کو گھیر کر دونوں اطراف سے گولیوں کا نشانہ بنایا۔
پیرا ملٹر فوج کے ترجمان اوم پرکاش تیواڑی کے مطابق اس حملے کی اطلاع ملنے کے بعد علاقے میں اضافی نفری روانہ کر دی گئی ہے، جس میں فوجی اور پولیس کے اہلکار شامل ہیں۔
حکام کی طرف سے حملے کے مقام کی ناکہ بندی کرکے حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے، جس سڑک پر حملہ کیا گیا وہ ایک مصروف شاہراہ بتائی جاتی ہے اور اس کی باقاعدہ نگرانی بھی کی جاتی ہے، ابھی تک کسی عسکری گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔