سرینگر (سچ خبریں) مقبوضہ کشمیر میں سرینگر سمیت وادی کے متعدد علاقوں میں بھارت سے آزادی کے پوسٹر آواں کردیئے گئے جن پر آزادی کے حق میں اور بھارتی دہشت گردی کے خلاف نعرے درج تھے۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں سرینگر اور دیگر علاقوں میں پوسٹرز چسپاں کئے گئے ہیں اور پمفلٹس تقسیم کئے گئے ہیں جن پر لوگوں سے جدوجہد آزادی کی حمایت جاری رکھنے کی اپیل کی گئی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جموں و کشمیر ڈیموکریٹک جسٹس پارٹی کی طرف سے جاری کئے گئے پوسٹروں اور پمفلٹوں پر ہندوتوا ایجنڈے پر زبردستی عمل درآمد کے خلاف نعرے درج تھے۔
دوسری جانب ڈیموکریٹک جسٹس پارٹی کے چیئرمین امتیاز احمد بابا نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ کشمیریوں کی جائز جدوجہد کے خلاف دہشت گردی کا بھارتی بیانیہ اپنی موت آپ مر چکا ہے اور کشمیری عوام اپنے مادر وطن پر بھارت کے غیر قانونی تسلط کے خلاف اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حل طلب تنازعہ کشمیر سے خطے کے امن اور استحکام کو خطرہ لاحق ہے اور اقوام متحدہ کو دیرینہ تنازعہ کشمیر کے پر امن حل کیلئے بھارت پر دبائو بڑھانا چاہیے۔
امتیاز احمد بابا نے کہا کہ کشمیری اپنے حق خودارادیت کے حصول کیلئے بے مثال قربانیاں پیش کررہے ہیں اور انہوں نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے کی آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے بھارت کے غیر قانونی اقدام کا نوٹس لیں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری شہدا کی قربانیوں کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور ان کی قربانیاں یقینا ایک دن ضرور رنگ لائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جلد ہی کشمیری عوام بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی حاصل کر لیں گے۔