راولپنڈی (سچ خبریں) آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں کشمیر کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ۔
کانفرنس کے شرکا نے کہا کہ پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال بہتر ہوئی ہے جس کا ثمر انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی صورت میں ملا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی ہے جس میں اندرونی اور بیرونی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا، کانفرنس میں پیشہ ورانہ امور اور سرحدوں کی صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی۔
کور کمانڈرز کانفرنس میں افغان امن عمل پر پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ شرکا کا کہنا تھا کہ علاقائی امن کیلئے افغانستان میں استحکام ضروری ہے۔ دہشتگردی اور شدت پسندی کے خاتمے کیلئے پاکستان نے بے پناہ قربانیاں دیں، بڑی قربانیوں کے بعد سیکیورٹی صورتحال بہتر ہوگئی ہے، انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی سیکیورٹی کی صورتحال میں بہتری کے ثمرات ہیں۔قومی مفاد ہر چیز سے بالا تر ہے، قوم کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہے۔