لاہور (سچ خبریں) تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب رائو سردار علی خاںنے سوموار کے روز گور نر ہائوس لاہور میں گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور سے ملاقات کی جس کے دوران آئی جی پنجاب نے گور نر پنجاب کو گریٹر اقبال پارک واقعے میں ملزمان کے خلاف ایکشن سمیت صوبے میں امن وامان کویقینی بنانے کے بارے میں تفصیلی بر یفنگ دی ۔
گور نر ہائو س لاہور میں ہونیوالی ٰ ملاقات کے دوران گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے آئی جی پنجاب کو صوبے میں امن وامان سمیت تمام اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تھانوں میں عوام کو انصاف کی فراہمی اور صوبے میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف سخت ایکشن لینے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
اُنہوں نے کہا کہ پولیس افسران اور اہلکاروں کو بھی تھانے کلچر کے خاتمے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کر نا ہوں گی ۔ گور نر پنجاب نے کہا کہ خواتین اور بچوں کے ساتھ زیادتی سمیت دیگر جرائم میں ملوث افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں ایسے لوگ انسان کہلانے کے حق دارنہیں وہ درندے ہیں ان کا مکمل خاتمہ کر نا ہوگا اور پنجاب کو جرائم فری بنانے کیلئے پولیس سمیت تمام متعلق اداروں کو مکمل ایمانداری کیساتھ اپنا کام کر نا ہوگا۔
اُنہوں نے کہا کہ جب سب اپنا کام کر یں گے تو انشا اللہ پنجاب سے جرائم کا مکمل خاتمہ بھی ممکن ہوجائے گا ۔ چوہدری محمدسرور نے کہا کہ صوبے میں عوا م کے جان ومال کا تحفظ حکومت اور پولیس کی ذمہ داری ہے جس کو ہم نے ہر صورت یقینی بنانا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت صوبے میں پولیس سمیت تمام اداروں کو سیاست سے پاک کر رہی ہے کیونکہ حکومت اداروں میں سیاسی مداخلت نہیں بلکہ اداروں کی مضبوطی پر یقین رکھتی ہے ۔
اُنہوں نے کہا کہ اداروں کی مضبوطی سے ہی پاکستان مضبوط ہوگا اور عوام کے مسائل بھی فوری حل کر نے میں مدد ملے گی ۔گورنر نے آئی جی پنجاب کو ہدایت کی کہ خواتین اور بچوں کے ساتھ زیادتی سمیت دیگر سنگین جرائم میں ملوث افراد کے خلاف تحقیقات کے عمل کو بھی جلدازجلد مکمل کر نے کیلئے تمام اقدامات کیے جائیں ۔آئی جی پنجاب رائو سردار علی خاںنے گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور کو صوبے میں امن وامان یقینی بنانے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ تھانوں میں ایس ایچ او سمیت تمام تقر ریاں میرٹ پر کی جارہی ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ عوام کا تحفظ کریں گے اور صوبے کو جرائم پیشہ افراد سے پاک کر یں گے ۔