اسلام آباد ( سچ خبریں)ملک بھر میں عالمی وباء کورونا وائرس سے اموات کا سلسلہ تابحال جاری ہے کورونا وباء مزید 56 جانیں نگل گئی جس کے ساتھ ہی ملک بھر میں اموات کی مجموعی تعداد 20ہزار 736 ہو گئی جب کہ ملک بھر میں مزید 2 ہزار 697 کیسز رپورٹ ہوئے اور ملک میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 58 ہزار 878 تک پہنچ گئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینیٹر کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں کورونا سے مزید 56 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ 4 اعشاریہ 81 فیصد کی شرح کے ساتھ ملک بھر میں مزید 2 ہزار 697 نئے کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ، جس کے ساتھ ہی ملک میں عالمی وباء کے مجموعی کیسز کی تعداد 9لاکھ 18ہزار 936 تک پہنچ گئی ہے جن میں سے اس وقت ملک میں فعال کیسز کی تعداد 58 ہزار 878 بتائی گئی ہے جب کہ 8 لاکھ 39 ہزار 322 افراد کورونا سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ دنیا کی 70 فیصد آبادی کو ویکسین لگے بغیر کورونا ختم نہیں ہو گا، یہ قابل قبول نہیں ہے کہ کچھ ممالک نوجوانوں کو ویکسین لگانا شروع کر دیں اور خطے کے باقی ملکوں نے طبی عملے اور بزرگ افراد کو بھی ویکسین نہ لگائی ہو۔
ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر برائے یورپ ہانس کلوج نے کہا ہے کہ یہ مت سوچیں کہ کورونا وائرس کی وباء ختم ہوگئی ہے، اس وقت دنیا بھر میں کورونا ویکسین لگنے کی شرح میں اضافے کی ضرورت ہے کیوں کہ یہ وباء اسی وقت ختم ہو گی جب 70 فیصد لوگوں کو ویکسین لگ جائے گی جب کہ اس وقت تک دنیا بھر میں صرف 26 فیصد لوگوں کو ہی کورونا ویکسین کی پہلی خوراک لگی ہے جب کہ یورپ میں 36 اعشاریہ 6 فیصد آبادی کو کورونا کی پہلی اور 16 اعشاریہ 9 فیصد کو دوسری خوراک بھی لگ چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کو سب سے زیادہ تشویش کورونا کی نئی اقسام کی وجہ سے ہے، مثال کے طور پر بھارتی قسم بی1617 ایک دوسری قسم بی117 جو کہ برطانوی قسم ہے اس سے زیادہ پھیلتی ہے ، اور اب تک کورونا کی بھارتی قسم 53 ممالک میں پھیل چکی ہے تاہم دنیا بھر میں نئے کیسز اور اموات میں گذشتہ پانچ ہفتوں میں کمی واقع ہوئی ہے، اس سلسلے میں اگرچہ کورونا ویکسینز نئی اقسام کے خلاف بھی کارگر ثابت ہوئی ہیں لیکن اس کے باوجود لوگوں کو محتاط رہنا ہوگا۔