کراچی (سچ خبریں) عالمی وبا کورونا وائرس کی نئی قسم نے جہاں دنیا کے اکثر ممالک کو اپنے لپیٹ میں لے رکھا ہے وہیں پاکستان میں کراچی شہر قائد میں کورونا کے نئے ویرینٹ اومیکرون کا تیزی سے پھیلاؤ جاری ہے ، ایک دن میں اومیکرون کے 136 مریضوں کی تصدیق ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں کورونا کیسز میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے ، اس حوالے سے محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹے میں اومیکرون کے 136 کیسز رپورٹ ہوئے۔ محکمہ صحت نے بتایا کراچی کے ضلع جنوبی میں کورونا کے 39 کیسز، ضلع ایسٹ میں 52 کیسز ، ملیر ضلع میں کورونا کے 3 کیسز، کورنگی میں 2 ، ضلع ویسٹ میں 3و کیسز،ضلع وسطی میں 6 کیسز رپورٹ ہوئے۔
کراچی کے آغا خان اسپتال میں اب تک 148 کیسز ، ڈاو یونیورسٹی اسپتال میں 44 کیسز سامنے آچکے ہیں۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اومیکرون کیسز کے حوالے سے بیان میں کہا ہے کہ 3 سے 5 جنوری 2022تک37 ٹیسٹ کیے گئے، 37 نمونوں میں سے 30 کیسز اومیکرون کے ظاہر ہوئے ہیں جبکہ 2 دن میں کیے گئے ٹیسٹ کا 81 فیصد اومیکرون مثبت آیا ہے۔ واضح رہے کہ وزیراعلیٰ سندھ نے اپیل کی ہے کہ بازاروں، دفاتر اور عوامی مقامات پر ماسک ضرور پہنیں۔