کراچی(سچ خبریں) ملک بھر میں یوم پاکستان کی تقریبات منعقد کی جارہی ہیں جہاں تمام سرکاری و نجی عمارتوں پر قومی پرچم لہرائے گئے ہیں جب کہ کراچی میں بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر گورنر سندھ، وزیراعلی سندھ اور ڈی جی رینجرز سمیت دیگر نے حاضری دی۔
تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے بابائے قوم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کیا۔یوم پاکستان کے موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل، وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ، صوبائی وزرا سمیت دیگر اہم شخصیات نے مزار قائد پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی درج کئے۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہناتھاکہ بابائے قوم کے مزار پر تجدید عہد وفا کرتے ہیں ، ثابت ہوگیا کہ جناح کا تصور پاکستان درست تھا، عمران خان کی قیادت میں قائداعظم کےنقش قدم پر پاکستان کو لیجا رہے ہیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بانی پاکستان محمدعلی جناح کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہےکہ قائداعظم محمد علی جناح نے ہی کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ کہا تھا ، ہمیں اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرنا ہوگا۔
آج کے دن تحریک پاکستان کے تمام رہنماں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، آج اس عزم کا اعادہ کرنا ہوگا کہ مل کر تمام مسائل پر قابو پایا جائے۔خیال رہے تینوںمسلح افواج کے نمائندوں اور ڈی جی رینجرز سندھ نے بھی مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔