کراچی (سچ خبریں) کالعدم تحریک لبیک کے 25 سے زائد کارکنان کی درخواست ضمانت منظور کر لی گئی ۔ عدالت نے ملزمان کی فی کس 30 ہزار روپے کے عوض ضمانت منظور کرلی ہے ، عدالت نے ضمانتی مچلکے جمع کروانے پر ملزمان کو رہا کرنے کا حکم دیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے روبرو کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ سعد رضوی کی گرفتاری کے بعد شہر میں ہنگامہ آرائی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ کالعدم تحریک لبیک کے 25 سے زائد کارکنان عدالت میں پیش ہوئے۔
پولیس کے مطابق کالعدم تحریک لبیک کے سربراہ سعد رضوی کی گرفتار کے بعد ملزمان نے ہنگامہ آرائی کی، انہوں نے ائیرپورٹ اور نیو کراچی تھانے کی حدود میں جلاؤ گھیراؤ کیا اور شہریوں کی املاک کو نقصان پہنچایا۔یاد رہے کہ کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے امیر سعد رضوی کی گرفتاری کے بعد ٹی ایل پی کارکنان نے ملک بھر میں احتجاج اور مظاہرے شروع کر دئے تھے جس میں ملکی املاک کو نقصان پہنچایا گیا تھا۔
جلاؤ گھیراؤ زیادہ ہونے پر محکمہ داخلہ سندھ نے ٹی ایل پی کے رہنماؤں کو حراست میں لینے کے احکامات جاری کیے اور پولیس کو مذہبی جماعت کے رہنماؤں اور کارکنان کی فہرست فراہم کی گئی ، حکم نامے میں اُن رہنماؤں کو 30 روز کے لیے حراست میں رکھنے کے احکامات دیئے گئے تھے جن رہنماؤں پر احتجاج کے دوران سڑکیں بند کرنے کے الزامات تھے۔
جس کے بعد پولیس نے کراچی شہر کے مختلف علاقوں سے 150 سے زائد کارکنوں کو گرفتار کر لیا تھا۔ پولیس کے بیان کے مطابق کراچی کے علاقہ ساؤتھ زون سے 47، ایسٹ زون سے 60 اور ویسٹ زون سے 47 گرفتاریاں کی گئیں تاہم آج انسداد دہشتگردی کی عدالت نے کالعدم ٹی ایل کے 25 سے زائد کارکنان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ تحریک لبیک پاکستان کو کالعدم جماعتوں، تنظیموں کی فہرست میں شامل کیا جا چکا ہے ، علاوہ ازیں حکومت پاکستان نے بھی تحریک لبیک پاکستان پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔