سچ خبریں: پاکستان کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں ہالینڈ میں ہونے والی قرآن پاک کی بے حرمتی کی مذمت کی ہے۔
اسلام آباد پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان نے ہالینڈ کے شہر دی ہیگ میں ہونے والی قرآن پاک کی بے ہودہ اور شدید توہین آمیز بے حرمتی کی مذمت کی ہے۔
پاکستانی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام جو پاکستان سمیت اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے سفارت خانوں کے سامنے کیا گیا، جان بوجھ کر اشتعال انگیز اور اسلامو فوبک اقدام سمجھا جاتا ہے جس سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ہالینڈ کے مسلمانوں کا قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف مظاہرہ
پاکستان کی وزارت خارجہ کے اعلامیے کے مطابق آزادی بیان اور اظہار عقیدے کے بہانے اس طرح کی کاروائیوں کو کبھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ اظہار رائے کی آزادی کے بھی کچھ تقاضے ہیں لہٰذا حکومتوں کو مذہبی منافرت کو ہوا دینے والے نسل پرستانہ اور اسلامو فوبک اقدامات کو روکنا چاہیے۔
واضح رہے کہ ہفتے کے روز ہالینڈ میں ایک انتہا پسند جماعت کے سربراہ ایڈون ویگنسولڈ نے قرآن پاک کی بے حرمتی کے سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے دی ہیگ میں متعدد ممالک کے سفارت خانوں کے سامنے اس مقدس کتاب کا نسخہ پھاڑ دیا۔
مزید پڑھیں: مغرب قرآن جلانے کی حمایت کیوں کرتا ہے؟
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کے دوران ہالینڈ کے مختلف شہروں میں رہنے والے مسلمانوں نے دی ہیگ میں اسلامی تنظیموں کے زیر اہتمام مظاہروں میں شرکت کی۔
یہ مظاہرے یورپ میں اسلام مخالف اور اسلامو فوبیا پر مبنی اقدامات کے خلاف کیا گئے جس میں قرآن کو جلانے کے توہین آمیز فعل بھی شامل ہے۔