اسلام آباد(سچ خبریں) پاکستان میں سیاسی اور عوامی گروہوں کی طرف سے اسرائیل مخالف مظاہروں کی تیاری شروع ہو گئی ہے۔پاکستان کی سیاسی اور مذہبی جماعتوں نے مسجد الاقصی پر اسرائیلی قابض افواج کے حملے اور فلسطینی نمازیوں پر جبر کی مذمت میں امریکہ اور اسرائیل مخالف ریلی نکالنے کا مطالبہ کیا ہے۔
پاکستان کی ملی یکجہتی کونسل، جو 30 سیاسی اور مذہبی گروہوں پر مشتمل ہے، نے ملک کے مسلمانوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے اس ہفتے جمعہ کی نماز کے بعد تمام شہروں اور قصبوں میں سڑکوں پر نکل آئیں۔
پاکستانی رہنماؤں نے مسجد الاقصی میں صیہونی غاصبوں کے وحشیانہ جرائم کی مذمت کرتے ہوئے اعلان کیا: "عالمی یوم قدس ماہ مقدس کے آخری جمعہ کو منایا جائے گا اور اس ہفتے کے جمعہ کو پاکستان میں اسرائیل مخالف مظاہرے کیے جائیں گے۔”
دریں اثنا،مجلس وحدت مسلمین نے یروشلم میں ناجائز اسرائیلی حکومت کے جرائم اور افغانستان میں شیعہ برادری کے خلاف دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کی ہے۔
سربراہ ایم ڈبلیو ایم پاکستان کا کہنا تھا کہ عزاداری کے پروگراموں کی حفاظت کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مومنین کو پہلے سے زیادہ چوکنا ہونے کی ضرورت ہے۔ عالم استعمار نے دہشت گردوں کا جو جال بچھا رکھا ہے، وہ نئے سرے سے فعال ہوچکا ہے۔ گذشتہ روز کابل دھماکے میں قیمتی جانوں کا ضیاع انہی انسانیت دشمنوں کی کارستانی ہے۔ انہوں نے سانحہ کابل کی مذمت کرتے ہوئے طالبان حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ افغانستان میں بسنے والے اہل تشیع کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ امام خمینی ؒ کے حکم کے مطابق جمعۃ الوداع کو یوم القدس کا نام دیا گیا ہے۔ اس روز عالم اسلام فلسطین کے مسلمانوں سے یکجہتی اور اسرائیل سے نفرت کے اظہار کے لیے سڑکوں پر نکلتے ہیں۔
راجہ ناصر عباس جعفری نے مزید کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی ملت تشیع یوم القدس کے موقع پر مظلومین جہاں کے لیے آواز بلند کرے گی۔ اسرائیل عالم استکبار کی ایجاد کردہ ایک غاصب ریاست ہے۔ مسجد اقصیٰ میں بے گناہ نمازیوں پر تشدد اور حملے مجرمانہ ذہنیت رکھنے والے صیہونیوں کی سیاہ کاریوں کا تسلسل ہے۔ اسرائیل کا وجود امریکہ کے سہارے پر قائم ہے۔ وطن عزیز میں جاری تکفیریت، دہشت گردی اور انتہاء پسندی میں امریکہ اور اس کے حواری ملوث ہیں۔ پاکستان کے کچھ حکمرانوں نے اپنے قومی مفادات کو اپنے ذاتی مفادات پر قربان کرتے ہوئے امریکہ کی تابعداری کی۔ ہم اس ملک کو امریکہ سے آزاد دیکھنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے تاکید کی کہ عالمی یوم القدس کے موقع پر عوام فلسطین کی مظلوم قوم کے لیے باہر نکلیں گے اور غدار حکمرانوں اور ناجائز صیہونی حکومت کے ساتھ سمجھوتہ کرنے والوں کے ساتھ اپنی لاتعلقی کا اعلان کریں گے۔”
جماعت اسلامی پاکستان کے نائب صدر لیاقت بلوچ نے کہا کہ پاکستانی مسلمان اس جمعہ کو سڑکوں پر نکل کر ناجائز صیہونی حکومت کے جرائم کی مذمت کریں گے اور اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں گے۔
حالیہ دنوں میں وزیر اعظم اور وزارت خارجہ سمیت پاکستانی حکام نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں مسجد الاقصی پر صیہونی قابض افواج کے حملے اور فلسطینیوں پر جبر کی مذمت کی ہے۔