اسلام آباد (سچ خبریں) تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت میں 6 کلو گرام یورینیم کی غیرقانونی فروخت کے ایک اور واقعہ کی رپورٹ دیکھی، اس سے قبل مہاراشٹر میں گزشتہ ماہ 7 کلوگرام یورینیم کی فروخت کی کوشش کی گئی۔ اس طرح کے واقعات اور رپورٹس سخت تشویش کا باعث ہیں۔ پاکستان کو بھارت کے اندر جوہری مواد کی ممکنہ بلیک مارکیٹ پرسخت تشویش ہے۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان ان واقعات کی مکمل تحقیقات پر زور دیتا ہے۔ اس بات کا سراغ لگانا بھی ضروری ہے کہ یورینیم کی فروخت کی کوشش کے مقاصد کیا تھے۔ اسی طرح جوہری مواد کی سیکیورٹی کو مضبوط بنانے کیلئے اقدامات کیے جائیں۔ اس کے ساتھ ساتھ بھارت کی جانب سے مذموم مقاصد کو حاصل کرنے کیلئے جھوٹا پروپیگنڈا پھیلانے کا نیٹ ورک بھی پکڑا گیا ہے، 28 مئی کی ایک رپورٹ کے مطابق بھارت میں انتہاء پسند مودی سرکار کا جھوٹ پھیلانے کا ایک اور نیٹ ورک پکڑا گیا، مودی سرکار نے کینیڈین کمپنی کے ذریعے جعلی خبریں ڈھونڈنے کیلئے فیکٹ چیک ویب سائٹ بنائی۔
ویب سائٹ سے جعلی خبروں کے ذریعے عالمی رائےعامہ کو بھارت کے حق میں کیا جاتا تھا۔ اس مقصد کیلئے 5 سے زائد بھارتی سفارتکار اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے ان خبروں کو شیئر کرتے رہے۔ ویب سائٹ کے ذریعے مودی سرکار کے مخالفین کو برا بھلا بھی کہا جاتا تھا۔ جعلی خبروں کو ڈھونڈنے والی امریکی کمپنی ڈی آر ایف لیب نے بھانڈا پھوڑ دیا۔ بتایا گیا ہے کہ جعلی خبریں پھیلانے والی اس ویب سائٹ کے ساتھ بھارتی حکومت کے کئی معاہدے بھی ہیں۔