?️
اسلام آباد: (سچ خبریں) سعودی وزیر سرمایہ کاری خالدبن عبدالعزیز الفالح نے کہا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں جب کہ مفاہمتی یادداشتیں دوطرفہ اقتصادی تعاون میں اہم سنگ میل ہیں، معاہدے تجارت وسرمایہ کاری کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار ہے۔
اسلام آباد میں پاکستان سعودی عرب بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے سعودی وزیر سرمایہ کاری کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ اورجنوبی ایشیا کے خطوں میں ترقی کے وسیع امکانات ہیں، علاقائی خوشحالی کے ہدف کے حصول کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارے لیے دوسرا گھر ہے اور پاک سعودی بزنس فورم تاجر برادری کے درمیان رابطےکے حوالے سے اہم ہے، دونوں ممالک کے تعلقات کی طویل تاریخ ہے، دونوں ممالک کے درمیان مذہبی اور روحانی تعلق قائم ہے۔
سعودی وزیر سرمایہ کاری کا کہنا تھا کہ تجارت بڑھانے کے لیے جغرافیائی قربت کا فائدہ اٹھانا چاہیے، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی تعاون انتہائی اہم ہے، دونوں ممالک کی باہمی تجارت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کا وہاں کی ترقی میں اہم کردار ہے جب کہ ہم پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں، آج 27 مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔
خالد بن عبدالعزیز الفالح نے کہا کہ مفاہمتی یادداشتیں دوطرفہ اقتصادی تعاون میں اہم سنگ میل ہیں، معاہدے تجارت وسرمایہ کاری کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دوطرفہ تجارت کے فروغ میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی کوششوں کی تعریف کرتا ہوں، تجارتی حجم میں اضافہ بڑھتی اقتصادی شراکت داری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
سعودی وزیر نے کہا کہ پاک سعودی عرب دوطرفہ تعلقات نئی بلندیوں پر پہنچ چکے ہیں، دو طرفہ تعاون تجارت سے بڑھ کر دفاع، تعلیم اور ثقافت تک پھیلا ہوا ہے، ہماری قوموں کے درمیان علم، ہنر، مہارت کا تبادلہ جدت، ترقی کو فروغ دے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب اسٹرٹیجک شراکت دار ہیں، آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ہماری ملاقات نتیجہ خیز رہی۔
اس موقع پر فورم سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے کہا کہ پاک سعودی عرب اسٹریٹجک شراکت داری نئے دور میں داخل ہوگئی ہے، پاکستان سعودی عرب کےساتھ اپنے تاریخی تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن ہے، اقتصادی بحالی کے ایجنڈے کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے، پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول موجود ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان جلد دنیا کی 24ویں مضبوط معیشت بن کر ابھرے گا، سعودی عرب کوکان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں، پاکستان میں آئی ٹی کا شعبہ عالمی سرمایہ کاروں کو راغب کررہا ہے۔
اسحٰق ڈار نے کہا کہ پاک سعودی بزنس فورم میں دونوں ممالک نے تعاون بڑھانے کا عزم کیا، پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن ہے، ملک میں مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی آئی، بین الاقوامی سطح پربھی پاکستان کی معاشی بہتری کا اعتراف کیا جارہا ہے۔
نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ زراعت، افزائش حیوانات کے شعبے سعودی سرمایہ کاری کے لیے کھلے ہیں، قابل تجدید توانائی کے منصوبے سعودی سرمایہ کاروں کے لیے کھلے ہیں،
اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں پاکستانی معیشت میں مسلسل استحکام آرہا ہے، پچھلے ایک سال میں پاکستان کی معیشت مستحکم ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں خاطر خواہ کمی آرہی ہے، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ اور روپے کی قدر میں استحکام آیا ہے جب کہ مہنگائی کی شرح بھی سنگل ڈیجیٹ میں آچکی ہے جو اس وقت 6.9 ہے، توقع ہے شرح سود میں مزید کمی ہوگی، شرح سود میں کمی سے معاشی سرگرمیاں بحال ہوں گی۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ معاشی اصلاحات کی بہتری کے لیے کام کررہے ہیں اور اس وقت ہم معاشی محاذ پر بہترین پوزیشن میں آگئے ہیں، ہم نے مائیکرو اکنامک اسٹیبلیٹی کے لیے کام کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا کام کاروبار کرنا نہیں ہے بلکہ کاروبار کے لیے سہولیات فراہم کرنا ہیں، نجی شعبےکی شراکت داری سے ملکی معیشت کو مستحکم کرسکتے ہیں۔
اسلام آباد میں پاکستان سعودی عرب بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے کہا کہ سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد الفالح کی قیادت میں سعودی وفد کا خیر مقدم کرتے ہیں، پاکستان سعودی مارکیٹ میں اپنی موجودگی بڑھانا چاہتا ہے۔
جام کمال نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہت سے مواقع ہیں، سعودی عرب پاکستان کے لیے اہم تجارتی شراکت دار ہے اور اس فورم کا مقصد مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کو بڑھانا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب زراعت،کان کنی، آئی ٹی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرےگا، سعودی ولی عہد سلمان بن عبدالعزیز کا 2030کا وژن قابل تحسین ہے، پاکستان تجارت کے فروغ میں سعودی فرمانروا کا وژن 2030 اہم کردار ادا کرے گا۔
وزیر تجارت نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے لیے پرعزم ہے، سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان تجارتی حجم 5.12 ارب ڈالر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی برآمدات سعودی عرب کی مجموعی تجارت کا صرف 2 فیصد ہیں، سعودی عرب سے پاکستان کی درآمدات 4.5 ارب ڈالر پر مشتمل ہیں، سعودی عرب کو پاکستانی برآمدات میں اضافہ ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ویژن 2030 سعودی عرب کی معیشت میں متنوعیت لانے کا اہم منصوبہ ہے، پاکستانی کاروبار سعودی عرب کے ویژن 2030 میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان سعودی عرب بزنس فورم کے دوران دونوں ممالک کے درمیان اہم سرمایہ کاری اورکاروباری معاہدوں پر بات ہوگی جب کہ سعودی وزارت سرمایہ کاری وفد کے دورہ پاکستان میں متعدد اہم معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔
وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں، پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کے متعدد مواقع موجود ہیں، سعودی عرب میں پیٹرولیم کےخام مال کے بے شمار وسائل موجود ہیں.
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کو بزنس ماڈلز متعارف کرانے کی ضرورت ہے، ایس آئی ایف سی سعودی سرمایہ کاروں کو مکمل تعاون فراہم کرے گا، جب کہ سعودی عرب پاکستان میں سیاحت کے مواقعوں سے استفادہ کرسکتا ہے۔


مشہور خبریں۔
پاکستانی ڈپٹی اسپیکر کی اپنے ایرانی ہم منصب سے ملاقات،اہم امور پر تبادلہ خیال
?️ 20 فروری 2022اسلام آباد (سچ خبریں) پاکستان کی قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم
فروری
سپریم کورٹ: عمران خان کیخلاف جیل میں سائفر ٹرائل کالعدم قرار دینے کا فیصلہ چیلنج
?️ 19 جنوری 2024اسلام آباد:(سچ خبریں) نگران وفاقی حکومت نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی
جنوری
حکومت کا ملکی تاریخ کا سب سے بڑا وزیراعظم رمضان ریلیف پیکج دینے کا فیصلہ
?️ 19 فروری 2025اسلام آباد: (سچ خبریں) حکومت نے ملکی تاریخ کا سب سےبڑا وزیراعظم
فروری
صدر مملکت نے سپریم کورٹ کے جسٹس اعجاز الاحسن کا استعفیٰ منظور کرلیا
?️ 12 جنوری 2024اسلام آباد: (سچ خریں) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سپریم کورٹ
جنوری
مراکش کے انتخابات کا صہیونیوں سے کوئی تعلق نہیں
?️ 2 مئی 2022سچ خبریں: جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی کے جنرل سیکرٹری اور مراکش کے
مئی
کیا ایک اور فلسیطنی کمانڈر شہید ہو گئے ہیں؟حماس کا الشرق الاوسط کی خبر پر رد عمل
?️ 3 نومبر 2024سچ خبریں:فلسطینی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے روزنامہ الشرق الاوسط کی جانب
نومبر
ہر پاکستانی کی سلامتی اہم ہے، اس پر کسی قیمت سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا، آرمی چیف
?️ 27 اکتوبر 2023اسلام آباد:(سچ خبریں) چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے کہا
اکتوبر
یہ حکمران جب تک رہیں گے ان کا ہر لمحہ ملک پر بھاری ہے، شاہد خاقان عباسی
?️ 12 جولائی 2025اسلام آباد: (سچ خبریں) ملک کے سابق وزیراعظم اور عوام پاکستان پارٹی
جولائی