اسلام آباد (سچ خبریں) پاکستان نے ایک مرتبہ پھر سے بھارت کو مذاکرات کی پیشکش کر دی ہے اس حوالے سے مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے کہا ہے کہ اگر بھارت مذاکرات کے لئے سازگار ماحول بنائے تو ہم مذاکرات کے لئے تیار ہیں بھارت کو اس سے قبل اس کا مکروہ چہرہ بھی دکھا چکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے کہا کہ بھارت اگر سازگار ماحول بنائے تو مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔ مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے کہا کہ پاکستان اب بھی بھارت کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہے لیکن شرط یہ ہے کہ بھارت مذاکرات کے لیے سازگار ماحول بھی تیار کرے۔
اُن کا کہنا تھا کہ فریقین کے مابین مذاکرات صرف تب ہی ہوتے ہیں جب فریقین اس کے لیے تیار بھی ہوں، ایسے فریق سے مذاکرات کیسے ہو سکتے ہیں جو ڈھونگ رچا رہا ہو، امن میں اس کی دلچسپی نہ ہو اور کشمیر میں نہتے مسلمانوں کو شہید کیا جا رہا ہو۔
نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے کہا کہ ایسا ملک جو ایک کرکٹ میچ ہارنے کے بعد کشمیری مسلمانوں کو حراست میں لے اور ان پر تشدد کرے اس کی کیا وقعت ہوگی، 4 سال سے بھارت کشمیریوں پر ظلم ڈھا رہا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل کئی بیانات میں معید یوسف بھارت کو اس کا مکروہ چہرہ بھی دکھا چکے ہیں۔ رواں ماہ مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے روسی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان گذشتہ چار دہائیوں سے حالت جنگ میں ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ کہا کہ افغانستان کا سیاسی حل ہونا چاہئیے، ہم ماضی میں 50 لاکھ سے زائد مہاجرین کی میزبانی کر چکے ہیں۔