اسلام آباد (سچ خبریں) وزیراعظم عمران خان سے حکومتی اتحادی جماعتوں کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے جس کے مطابق اتحادی جماعتوں نے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں پر اعتماد میں نہ لینے کا معاملہ اُٹھا دیا۔ حکومتی اتحادیوں نے اہم قانون سازی پر اعتماد میں نہ لینے کا شکوہ کیا۔ حکومتی اتحادیوں نے سولا اُٹھایا کہ یہ مشین پاکستان کے سیاسی انتخابی نظام پر کس حد تک مؤثر ہو گی؟ اتحادی جماعتوں نے مطالبہ کیا کہ ای سی ایم کے استعمال کے طریقہ کار اور فنکشن پر تفصیلی بریفنگ دی جائے۔
یہ مشینیں کس حد تک محفوظ ہیں ؟ دیہی علاقوں میں ان مشینوں کو کون استعمال کرے گا ؟ان مشینوں کی خریداری پر کتنے اخراجات آئیں گے ؟ سکیورٹی کی ذمہ داری کس کی ہو گی ؟ ملاقات کے دوران اتحادی جماعتوں نے وزیراعظم عمران خان سے کہا کہ حکموت اپنے طور پر اس قسم کے اہم فیصلوں سے گریز کرے۔
ذرائع کے مطابق اتحادیوں کے شکوے پر وزیراعظم عمران خان نے وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کو اتحادیوں کو تفصیلی بریفنگ کی ہدایت کر دی۔
جس کے بعد اتحادی جماعتوں کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر آئندہ ہفتے تفصیلی بریفنگ دئے جانے کا امکان ہے۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان سے حکومتی اتحادی جماعتوں نے ملاقات کی تھی۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے وفاقی کابینہ کے اجلاس اور وزیراعظم عمران خان کی اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کے ساتھ ملاقات کے بعد میڈیا بریفنگ میں کہا کہ حکومتی اتحادی جماعتوں نے پارلیمنٹ میں انتخابی اصلاحات کے لیے حمایت کی یقین دہانی کروا دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملاقات میں وزیراعظم نے اتحادی جماعتوں کو الیکشن ریفارمز پر اعتماد میں لیا، انتخابی اصلاحات کے بغیر شفاف الیکشن ممکن نہیں، الیکٹرانک ووٹنگ اور اورسیزپاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق دیا جائے گا۔