اسلام آباد (سچ خبریں) تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت زرعی شعبے کی بہتری سے متعلق اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ یوریا کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف انتظامی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے کپاس، گندم اور چاول کی فصلوں میں تحقیق کیلئے پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں سنٹرز آف ایکسی لینس قائم کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مویشیوں کی افزائش اور دودھ کی پیداوار بہتر بنانے کیلئے بچھڑے کی پرورش کے مراکز قائم کیے جائیں۔ زراعت میں بہتر میکانائزیشن ٹولز اور آئی سی ٹی سے چلنے والی توسیعی خدمات کے متعارف ہونے سے پاکستان میں انقلاب برپا ہو جائے گا۔ زراعت میں بہتر میکانائزیشن متعارف ہونے سے انقلاب برپا ہو جائےگا، زیتون کی کاشت اور جھینگوں کی فارمنگ وقت کی اہم ضرورت ہے، اس سے برآمدات کو بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ کسان کارڈ کے اجرا سے کسانوں کو مشینری اور زرعی سامان خریدنے میں سہولت ملے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ افغانستان کو یوریا کی غیرقانونی ترسیل روک کر کسانوں کو دستیابی یقینی بنائیں۔ وزیراعظم عمران خان کو چیف سیکرٹری کی جانب سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ یوریا کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والے افراد کے خلاف انتظامی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔