اسلام آباد( سچ خبریں)وزیراعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے مسلم لیگ ن کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ گیلانی کے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر بننے کے بعد پی پی کے موجودہ سسٹم میں اسٹیکس اور بھی بڑھ گئے اور مسلم لیگ نون کے پاس مریم کی میں میں اور منافق مولانا کے علاوہ کچھ نہیں بچا۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ ٹکراؤ کی سیاست لیڈرشپ کی اخلاقی قوت سےکامیاب ہوسکتی ہے۔شہباز گل نے کہا کہ ٹکراؤ اور احتجاج کی سیاست لیڈرشپ کی اخلاقی قوت سے کامیاب ہو سکتی ہے ناکہ مریم ، مولانا، بریانی اور گالی سے۔
دوسری جانب وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے درمیان پھوٹ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کا ن لیگ کو دیا گیا داغ مفارقت کا زخم ابھی تازہ ہے۔
انہوں نے مریم اورنگزیب کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ شاہد خاقان نے شریف خاندان کو نوازنے کے لیے 20 ارب کی سبسڈی دی، لیگی ترجمان کس منہ سےعثمان بزدار پر سبسڈیز دینے کا الزام لگا رہے ہیں۔فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ شریف خاندان کی پاکستان میں عجب ترقی کی غضب کہانی سمجھ سے بالاتر ہے۔