اسلام آباد: (سچ خبریں) وزیر مملکت برائے پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر سستا پیٹرول اسکیم کے تحت موٹر سائیکل والوں کے لیے پیٹرول پر سو روپے کی سبسڈی دی جائے گی ۔
ماڈل ٹاؤن لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر سستا پیٹرول اسکیم کے تحت موٹر سائیکل والوں کے لیے پیٹرول پر پچاس روپے کی بجائے سو روپے کی سبسڈی دی جائے گی اور چھ ہفتوں کے دوران اس سکیم کو نافذ العمل کر دیا جائے گا۔
وزیر مملکت برائے پیٹرولیم نے کہا کہ فیصلہ کر لیا گیا ہے بڑی گاڑی والوں کو پیٹرول کی زیادہ قیمت ادا کر نا ہوگی کیونکہ یہاں پر غریب کا پاکستان الگ ہے اور امیر کا پاکستان الگ، عمران خان خود کو قانون سے بالا تر سمجھتے ہیں، اس لیے وہ عدالتوں میں پیش نہیں ہو رہے۔
ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ ہم نے وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر سستا پیٹرول فراہم کرنے کی اسکیم پر کام کر نا شرو ع کر دیا ہے، اس پر ابتدائی طور پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ پیٹرول کے ٹیرف میں غریب کو پچاس روپے سبسڈی دی جائے گی مگر اب وزیر اعظم نے ہمیں دوبارہ ہدایت کی ہے کہ سبسڈی کو بڑھا کر سو روپے کر دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کے تحت پیٹرولم کی قیمت میں کمی لانے کے لیے کام جاری ہے جو چھ ہفتوں میں مکمل کر لیا جائے گا۔
وزیر مملکت نے کہا کہ ہم نے ایسا میکنزم بنا لیا ہے کہ مال دار طبقے پر ٹیکس لگائیں گے اور غریب کو بھر پور ریلیف دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت رمضان المبارک میں عوام کو بھرپور ریلیف فراہم کر ے گی جس کی بہترین مثال مفت آٹے کی فراہمی ہے۔
انہوں نے کہا کہ غریب کو سستی گیس فراہم کرنا بھی ہماری ترجیحات میں شامل تھا جس کے تحت یکم جنوری سے ہم نے گیس کے ٹیرف پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے اور گیس کا سرکلر ڈیبٹ ختم کر دیا گیا ہے۔ بجلی کے حوالے سے بھی ہم نے پہلے ہی پالیسی بنا رکھی ہے ،100 یا 200یونٹ استعمال کرنے والوں کو سستی بجلی دی جائے گی جبکہ اس سے زیادہ استعمال کر نے والوں کو پورا بل ادا کر نا ہوگا۔
انہو ں نے کہا کہ ہم نے بجلی کی قیمتوں کے حوالے سے یکساں قانون بنایاہے اب کسی سیٹھ کو سستی بجلی فراہم نہیں کی جائے گی۔وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان اس وقت مشکل حالات سے گزر رہا ہے اور ہم پر امید ہیں کہ ملک جلد بہتری کی طرف گامزن ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہم ایران سمیت تمام ممالک سے پٹرول اور دیگر اشیائے ضرور یہ خریدنے کے لیے تیار ہیں تاہم اس حوالے سے اس بات کو ملحوظ خاطر رکھا جائے گا کہ ہم پر بین الاقوامی پابندیاں عائد نہ ہو جائیں۔
اس موقع پر میڈیا کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ پیٹرول سستا کرنے کے لیے میکنزم بنانے پر کام جاری ہے، ہمارے پاس عوام کا ڈیٹا موجود ہے اور ایک غریب آدمی اپنے موٹر سائیکل پر ماہانہ21 لیٹر پیٹرول استعمال کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ سبسڈی کے اہل شہری کو ایک وقت میں دو سے تین لیٹر پٹرول فراہم کیا جائے اور 800سی سی یا اس سے کم والی گاڑی کو پٹرول پر30 لیٹر ماہانہ تک سبسڈی دی جائے گی اور ایک وقت میں گاڑی میں 5 سے 7 لیٹر پٹرول ڈالا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کے اہل افراد کو ان کے موبائل پر میسج موصول ہو گا اور وہ اس میسج کو پیٹرول پمپ پر دکھا کر پیٹرول وصول کر سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرول پمپس والوں کو ایک ڈیوائس فراہم کی جائے گی جس پر سبسڈی حاصل کرنے والے کا ریکارڈ موجود ہو گا۔
وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ عمران خان کی اصلیت عوام کے سامنے کھل کر آچکی ہے وہ کسی قانون کو نہیں مانتے اور خود کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں، عمران خان ریاست کو کھلے عام چیلنج کر رہا ہے کہ مجھے پکڑ کر دکھاؤ۔
عمران خان کے غلط اقدمات کی وجہ سے دو پاکستان بن چکے ہیں، غریب کا پاکستان الگ ہے اور امیر کا پاکستان الگ اور میں نے یہی بات جب وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے کہی تو انہوں نے مجھے کہا کہ ہم غریب کے پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسی مقصد کے لیے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ گیس کی قیمتوں کے بعد اب پٹرول پر بھی ٹیرف الگ کیا جائے گا اور غریب کو ہر ممکن ریلیف دیا جائے گا۔
اس موقع پر انہوں نے سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی مبینہ آڈیو لیک ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس پر وزارت داخلہ مکمل تحقیقات کرے۔
انہوں نے کہا کہ توشہ خانہ کے حوالے سے حکومت نے واضح قانون بنا لیا ہے جو بھی تحفہ وصول کرے گا وہ پوری قیمت ادا کر ے گا اور ہمارے پاس جو توشہ خانے کا ریکار ڈ موجود تھا وہ عوام کے سامنے رکھ دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ہی وزیر اعظم نے موٹر سائیکل، رکشا اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے پیٹرول پر فی لیٹر 50 روپے سبسڈی دینے کا اعلان کیا تھا، انہوں نے ہدایت کی کہ پیٹرولیم سبسڈی کا عملی پروگرام جلد از جلد مکمل کیا جائے اور سبسڈی پر مؤثر عمل درآمد کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے جامع حکمت عملی مرتب کریں۔
شہباز شریف نے کہا کہ موٹر سائیکل، رکشا اور چھوٹی گاڑیاں کم آمدن والے غریب عوام کی سواری ہے اور اس طرح کی پیٹرولیم سبسڈی براہ راست غریب عوام کے ریلیف کا باعث بنے گی، حکومت شدید معاشی مشکلات کے باوجود غریب عوام کی ہر ممکن مدد کے لیے کوشاں ہے۔
دوران اجلاس وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے اجلاس کو کم آمدن افراد تک پیٹرولیم سبسڈی کی فراہمی کی حکمت عملی پر بریفنگ دی تھی۔
واضح رہے کہ حکومت نے 15 مارچ کو ہی پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے اضافے کا اعلان کیا تھا، اس سے قبل گو کہ 28 فروری کو وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے پیٹرول کی قیمت میں پانچ روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا تھا لیکن اس سے پہلے 16 فروری کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوش رُبا اضافہ کیا گیا تھا۔
روپے کی گرتی ہوئی قدر کے پیش نظر حکومت پاکستان نے پیٹرول کی قیمت میں 22.20 روپے اور ڈیزل 17.20 روپے فی لیٹر اضافہ کردیا تھا۔