لاہور(سچ خبریں ) پنجاب حکومت کی جانب سے 3 اگست کے لاک ڈاؤن حکم نامے میں ترمیم کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔ پنجابحکومت کی جانب سے جاری اس نوٹیفکیشن کے تحت ترمیم شدہ لاک ڈاؤن آرڈر 9 اگست سے 31 اگست تک نافذ العمل رہے گا۔ نوٹی فکیشن کے مطابق این اسی او سی کی سفارشات پر لاک ڈاؤن لگایا گیا لاک ڈاؤن 31 اگست تک نافذ العمل رہے گا۔
اس نوٹیفکیشن کا اطلاق لاہور، راولپنڈی، ملتان اور فیصل آباد کے علاقوں میں ہوگا۔ ان شہروں کے سرکاری اور نجی دفاتر میں 50 فیصد حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ منتخب اضلاع میں 9 اگست سے ان ڈور شادی کی تقریبات پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔
جبکہ اِن ڈور ڈائننگ بند کر کے آؤٹ ڈور ڈائننگ شروع کر دی گئی۔ نویفکیشن کے مطابق آؤٹ ڈور شادی کی تقریبات تین سو افراد کے ساتھ رات 10 بجے تک کرنے کی اجازت ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ سنیما ہالز، مزارات اور جِمز بھی بند کر دیئے گئے، ہفتےاور اتوار کو تمام کاروباری مراکز بھی بند رہیں گے۔ مذہبی، ثقافتی اور دیگر تقریبات انڈور منعقد کرنے پر پابندی ہوگی جب کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس نئے ایس او پیز کا اطلاق یقینی بنائیں گے۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر پنجاب کے مختلف اضلاع میں نافذ کیے جانے والے اسمارٹ لاک ڈاؤن میں توسیع کر دی گئی ہے۔ تاہم افسوس کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کے باوجود شہری ایس او پیز پر عمل درآمد کرتے دکھائی نہیں دیتے، شہریوں کی انتہائی کم تعداد ماسک کا استعمال کررہی ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں بھی جاری ہیں۔