اسلام آباد:(سچ خبریں) پاکستان تحریک انصاف گجرات کے رہنماؤں نے کل 10 نومبر بروز جمعرات کو وزیر آباد کے اسی مقام سے پارٹی کا لانگ مارچ بھرپور طاقت کے ساتھ دوبارہ آغاز کرنے کے لیے تیاریاں شروع کر دی ہیں جہاں پارٹی چیئرمین عمران خان پر قاتلانہ حملے بعد اسے ملتوی کیا گیا تھا۔
اس سے قبل، پارٹی چیئرمین نے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کو اسی مقام سے دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا تھا جہاں ان کے قافلے پر قاتلانہ حملہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گئے تھے۔ تاہم پی ٹی آئی کے مقامی ذرائع اور انتظامیہ کا کہنا ہے کہ لانگ مارچ کو ظفر علی خان چوک کے بجائے حملے کے مقام سے چند گز کے فاصلے پر واقع کچہری چوک سے دوبارہ شروع کیا جا سکتا ہے۔
پارٹی کے سینئر عہدیدار نے ڈان کو بتایا کہ جی ٹی روڈ کا وہ حصہ جہاں عمران خان کا کنٹینر کھڑا تھا اسے جائے وقوع قرار دے دیا گیا ہے اور اس وقت سیکیورٹی اداروں کے اہلکاروں نے اسے گھیرے میں لے رکھا ہے، اس لیے عوامی اجتماع اب وزیر آباد سیالکوٹ روڈ کے کچہری چوک پر ہوگا، انہوں نے مزید کہا کہ مارچ کی قیادت کے لیے پارٹی کے سینئر رہنماؤں کی نگرانی میں نیا کنٹینر تیار کیا جا رہا ہے۔
ایک سینئر انتظامی افسر کا کہنا ہے کہ وزیر آباد سے مارچ کے شرکا سیالکوٹ پہنچیں گے جہاں ایک اور ریلی نکالی جائے گی، مارچ کے شرکا گجرات کی جانب بڑھنے سے قبل 2 روز سیالکوٹ میں قیام کرسکتے ہیں تاہم ان کا کہنا ہے کہ ابھی تک مارچ کی گجرات آمد کے شیڈول کو حتمی شکل نہیں دی جب کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے وزیرآباد میں از سر نو سیکیورٹی انتظامات شروع کر دیے ہیں۔
دوسری جانب، پی ٹی آئی وزیرآباد کے عہدیداروں کا اجلاس جی ٹی روڈ پر واقع بینکوئٹ ہال میں ہوا جہاں انتظامات کا جائزہ لیا گیا جب کہ اجلاس کی صدارت پی ٹی آئی کے مقامی صدر افضل چیمہ نے کی، اجلاس میں مستنصر ساہی اور مہر یوسف سمیت دیگر مقامی رہنماؤں نے شرکت کی۔
ڈان سے بات چیت کرتے ہوئے مستنصر ساہی نے کہا کہ پی ٹی آئی کی مقامی قیادت نے وزیر آباد جلسے کے لیے تجویز کردہ نئے مقام کا جائزہ لیا اور جلسے کو کامیاب بنانے کے لیے پارٹی عہدیداروں کو ذمے داریاں سونپیں۔
ان کا کہنا ہے کہ وزیر آباد سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر احمد چٹھہ جو کہ کنٹینر پر ہونے والے حملے میں زخمی ہوئے تھے، وہ بھی ریلی کو کامیاب بنانے کے لیے ٹیلی فون کے ذریعے مقامی رہنماؤں اور کارکنوں کی رہنمائی کر رہے ہیں۔
مستنصر ساہی کا کہنا ہے کہ حملے میں زخمی ہونے والے پارٹی کے 2 کارکنوں کو گوجرانوالہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی کے مقامی رہنماؤں کے ایک وفد کا آج زخمی کارکنوں کی عیادت کے لیے جانے کا امکان ہے۔