لاہور (سچ خبریں) وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فرودس عاشق اعوان نے جوہر ٹاؤن دھماکے کا ذمہ دار راء کو ٹھہراتے ہوئے کہا ہے کہ جوہر ٹاؤن حملے کی سہولت کار بھارتی ایجنسی را ہے، واقعے کے تانے بانے بھارت سے ملتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جیو نیوز کے مارننگ شو جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ سردار عثمان بزدار کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فرودس عاشق اعوان نے یہ بات کہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سیکیورٹی اداروں نے جوہر ٹاؤن دھماکے کے ذمے داروں کو بروقت گرفت میں لیا، واقعے کے تانے بانے بھارت سے ملتے ہیں۔فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ اس دن فیٹف کے حوالے سے کانفرنس چل رہی تھی، سیشن میں پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کی حکومتی کوششیں رنگ لانے جا رہی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا نے پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کیلئے جو ایس او پیز طے کی تھیں اس پر عمل کیا، لاہور میں سیف سٹی کو ہر کونے کونے تک پہنچانے کیلئے لائحہ عمل ترتیب دیا جا چکا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی معاونِ خصوصی نے مزید کہا کہ فیصل آباد، گوجرانوالہ، راولپنڈی، سیالکوٹ اور دیگر شہروں میں بھی کیمرے نصب کرنے جا رہے ہیں۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا یہ بھی کہنا ہے کہ جدید ٹیکنا لوجی کی مدد سے جرائم کو کنٹرول کرنے میں مدد بھی ملے گی۔